بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے فارمولا ون کے عالمی چیمپیئن لینڈو نورس کے ساتھ ایک دلچسپ گفتگو کے دوران اپنے شوہر سیف علی خان کے عالمی چیمپیئن ہونے کا دعویٰ کرکے انہیں حیران کر دیا۔ تاہم کرینہ کا یہ دعویٰ حقیقت میں ایک مذاق تھا، جس میں انہوں نے سیف علی خان کی 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تا را رم پم‘ کا حوالہ دیا۔ انڈین اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق دونوں کی یہ گفتگو سنگاپور گراں پری کے موقع پر ریکارڈ کی گئی، جس کی جھلک گوگل انڈیا نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
گوگل کی جانب سے جاری خصوصی ویڈیو کا عنوان ’ٹی بریک وِد کرینہ اینڈ لینڈو‘ رکھا گیا ہے۔ ویڈیو میں کرینہ کپور نے لینڈو نورس سے کہا کہ ان کے شوہر نے 19 سال پہلے عالمی چیمپیئن شپ جیتی تھی۔ یہ سن کر نورس حیران رہ گئے اور مذاقاً جواب دیا کہ اس لحاظ سے تو وہ دونوں ایک جیسے ہیں۔ کرینہ دراصل فلم ’تا را رم پم‘ میں سیف علی خان کے کردار کی بات کر رہی تھیں، جس میں انہوں نے ایک کامیاب کار ریسنگ ڈرائیور کا کردار ادا کیا تھا۔
گفتگو کے دوران کرینہ کپور نے لینڈو نورس کو انڈین مسالہ چائے بھی پیش کی۔ نورس نے بتایا کہ وہ عام طور پر چائے نہیں پیتے، جس پر کرینہ نے انگریزی محاورے ’اسپل سم ٹی‘ کا استعمال کرتے ہوئے ان سے دلچسپ باتیں بتانے کو کہا۔ اس کے بعد کرینہ نے فارمولا ون سے متعلق سوالات کا سلسلہ شروع کیا۔ انہوں نے سنگاپور گراں پری کے چکروں کی تعداد اور میک لارن کے ساتھ نورس کی کامیابیوں کے بارے میں پوچھا، لیکن نورس ابتدائی سوالات کے جواب دینے میں مشکل محسوس کرتے نظر آئے۔
کرینہ نے اس موقع پر ہنستے ہوئے پوچھا کہ کیا انہیں کچھ بھی یاد ہے؟ بعد میں انہوں نے سوال کیا کہ میک لارن کتنی مرتبہ کنسٹرکٹرز چیمپیئن شپ جیت چکی ہے۔ اس مرتبہ نورس نے جواب دیا کہ ٹیم پہلے آٹھ مرتبہ چیمپیئن رہ چکی تھی اور اب اس کے مجموعی اعزازات کی تعداد دس ہے۔ گفتگو کے اگلے حصے میں کرینہ نے نورس کو انڈین اشاروں کے معنی سمجھنے کا چیلنج دیا۔ ایک اشارے کا مطلب سمجھنے میں ناکامی کے بعد نورس نے کرینہ کے مشہور پاؤٹ کی نقل کی، جس پر اداکارہ نے انہیں دس میں سے دس نمبر دیے۔