تاشقند میں عالمی سوئمنگ ورلڈ کپ 2026 کا افتتاح، ازبکستان میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کی افتتاحی تقریب میں شرکت

ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ورلڈ ایکواٹکس سوئمنگ ورلڈ کپ 2026 کے مقابلوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ پاکستان بھی اس بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کر رہا ہے، جبکہ ازبکستان میں پاکستانی سفیر مدثر نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

پاکستانی سفیر مدثر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں کہا کہ انہیں تاشقند میں منعقدہ ورلڈ ایکواٹکس سوئمنگ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرکے خوشی ہوئی۔ انہوں نے پاکستان کی شرکت کو بھی اجاگر کیا۔

پاکستانی سفیر کے مطابق افتتاحی تقریب سے ازبکستان کی قومی پیرا اولمپک کمیٹی کی فرسٹ ڈپٹی چیئرپرسن شاہنوزہ مرزایوفا نے خطاب کیا۔ انہوں نے ان کے خطاب کو متاثرکن قرار دیا۔

سفیر مدثر نے بتایا کہ افتتاحی تقریب میں مختلف ثقافتی اور تخلیقی پروگرام پیش کیے گئے، جن میں ازبکستان کی تاریخی روایات اور جدید ترقی کو یکجا کیا گیا۔ ان کے مطابق ان پروگراموں کے ذریعے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ملک کی نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔

ورلڈ ایکواٹکس کے سرکاری شیڈول کے مطابق تاشقند میں سوئمنگ ورلڈ کپ کے مقابلے 8 سے 10 اکتوبر 2026 تک اولمپک سٹی کے پیلس آف واٹر اسپورٹس میں منعقد ہوں گے۔

یہ مقابلے ورلڈ ایکواٹکس سوئمنگ ورلڈ کپ 2026 کی تین مراحل پر مشتمل سیریز کا دوسرا مرحلہ ہیں۔ سیریز کا پہلا مرحلہ یکم سے 3 اکتوبر تک آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقد ہوا، جبکہ تیسرا اور آخری مرحلہ 15 سے 17 اکتوبر تک قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہوگا۔

ورلڈ ایکواٹکس نے اس سال کی سیریز کو ’سلک روڈ ٹور‘ کا نام دیا ہے، جس کے ذریعے وسطی ایشیا اور اس سے منسلک خطے کے شہروں کو عالمی تیراکی مقابلوں کی میزبانی کا موقع مل رہا ہے۔

تاشقند میں ان بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد ازبکستان کی کھیلوں کی میزبانی اور جدید کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا ایک اہم موقع ہے۔ پاکستان کی شرکت سے پاکستانی تیراکوں کو بھی بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع مل رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں