آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام عالمی ثقافتی میلہ 29 اکتوبر سے 22 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس میلے میں 150 ممالک کے ایک ہزار سے زائد فنکاروں کے ساتھ 500 سے زیادہ پاکستانی فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
میلے کی تفصیلات بدھ کی دوپہر کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی گئیں۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر احمد شاہ نے میلے کے لیے بھرپور تعاون پر سندھ حکومت اور سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔
احمد شاہ نے کہا کہ آج دنیا کا اصل مسئلہ جنگیں ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ یہ میلہ اقوام متحدہ کے مقابلے میں زیادہ ممالک کو ایک جگہ اکٹھا کرتا ہے، جہاں اکثر ممالک اکٹھے بیٹھتے ہی نہیں اور واک آؤٹ بھی کر جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میلے میں یوکرین اور روس کے فنکاروں کے وفود آ رہے ہیں۔ امریکا اور ایران بھی شریک ہوں گے، فلسطین کے دو تھیٹر گروپ پرفارم کریں گے اور لاطینی امریکا کے ممالک کے فنکار بھی نظر آئیں گے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 85 فیصد پروگراموں کے لیے ٹکٹ نہیں ہوگا، البتہ رجسٹریشن لازمی ہوگی۔
سندھ کے چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ نے بتایا کہ دو سال پہلے سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود احمد شاہ میلے کے خیال کے ساتھ ان کے پاس آئے تھے۔ اس کے بعد ہمت کر کے پہلا میلہ منعقد کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ سفر 40 ممالک سے شروع ہوا تھا اور اب 150 سے زائد ممالک تک پہنچ چکا ہے، جو ثابت کرتا ہے کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔