پاکستان نے ازبکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، برآمدات اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ازبکستان کے پاکستان میں سفیر علی شیر تختائیف نے اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے اور تجارت، سرمایہ کاری، برآمدات اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون مضبوط کرنا چاہتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط تجارتی، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے ازبکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔