نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں فل-سطین، جموں و کشمیر، افغانستان، دہ-شت گردی کے خلاف اقدامات اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت مختلف علاقائی اور بین الاقوامی معاملات زیر بحث آئے۔
اسحاق ڈار نے انتونیو گوتریس کو جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری سمیت کشیدگی میں کمی اور بات چیت کے فروغ کے لیے پاکستانی سفارتی کوششوں سے بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ انھوں نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات اور مذاکرات، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے لیے اس کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
انتونیو گوتریس 6 سے 8 اکتوبر تک سرکاری دورے پر پاکستان میں ہیں۔ دورے کے دوران ان کی صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں طے ہیں۔ وہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے انڈیا و پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے۔