پاکستان آج ایک ایسے دور سے گزر رہا ہے جہاں ہر طرف بے یقینی، اضطراب اور تشویش کے آثار نمایاں ہیں۔ معیشت دباؤ کا شکار ہے، سیاسی عدم استحکام نے ریاستی اور معاشرتی ماحول کو متاثر کیا ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے، بے روزگاری نوجوانوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان بن رہی ہے، دہشت گردی ایک بار پھر قومی سلامتی کے لیے چیلنج بن کر سامنے آ رہی ہے اور اخلاقی اقدار بھی مسلسل کمزور ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔ عوام کی ایک بڑی تعداد فکرِ معاش میں الجھی ہوئی ہے۔ کسی کو روزگار کی فکر ہے، کسی کو بچوں کی تعلیم کی، کسی کو علاج معالجے کی اور کسی کو اپنے مستقبل کی۔ ایسے میں محسوس ہوتا ہے کہ ہر شخص اپنی ذات، اپنے گھر اور اپنے مسائل تک محدود ہوتا جا رہا ہے۔ لیکن شاید یہی وہ لمحہ ہے جب ہمیں رک کر اپنے آپ سے ایک سوال کرنا چاہیے: کیا پاکستان صرف حکومتوں، سیاسی جماعتوں یا اداروں کا نام ہے، یا پاکستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے؟
پاکستان کے مسائل یقیناً حقیقی اور سنگین ہیں، مگر پاکستان صرف اپنے مسائل کا نام نہیں۔ یہ وہ سرزمین ہے جسے قدرت نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ دنیا کے بلند ترین پہاڑوں سے لے کر وسیع میدانوں تک، دریاؤں سے لے کر سمندری ساحلوں تک، زرخیز زمینوں سے لے کر معدنی وسائل تک، پاکستان کے پاس قدرتی امکانات کی کمی نہیں۔ ہمارے پاس نوجوان آبادی ہے، باصلاحیت طلبہ ہیں، محنت کش ہاتھ ہیں، دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے پاکستانی ہیں، سائنس، ٹیکنالوجی، طب، تعلیم، کاروبار، کھیل اور فنون کے میدان میں اپنی شناخت بنانے والے لوگ ہیں۔ مسئلہ شاید وسائل کی کمی سے زیادہ ان وسائل کو منظم انداز میں بروئے کار لانے کا ہے۔ سوال یہ نہیں کہ پاکستان کے پاس کیا نہیں، سوال یہ ہے کہ ہم پاکستان میں موجود امکانات کو کس طرح مواقع میں تبدیل کریں؟
معیشت پاکستان کا ایک بنیادی مسئلہ ہے، لیکن معیشت صرف اعداد و شمار کا نام نہیں۔ اس کے پیچھے ایک عام آدمی کا گھر ہے، ایک مزدور کی روزی ہے، ایک کسان کی فصل ہے، ایک دکاندار کا کاروبار ہے، ایک نوجوان کی نوکری کی امید ہے اور ایک ماں کی اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں فکر ہے۔ مہنگائی جب بڑھتی ہے تو صرف قیمتیں نہیں بڑھتیں، گھروں کے بجٹ سکڑ جاتے ہیں، خواب چھوٹے ہو جاتے ہیں اور زندگی کی ترجیحات بدل جاتی ہیں۔ اس لیے معاشی پالیسی کا اصل مقصد صرف معاشی اشاریوں کو بہتر بنانا نہیں بلکہ عام شہری کی زندگی میں آسانی پیدا کرنا ہونا چاہیے۔ ہمیں ایسی معیشت کی طرف بڑھنا ہوگا جو پیداوار، برآمدات، صنعت، زراعت، ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کو بنیاد بنائے۔
پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں۔ اگر لاکھوں نوجوان تعلیم مکمل کرنے کے بعد روزگار کی تلاش میں دروازے کھٹکھٹاتے رہیں تو یہ صرف ایک معاشی مسئلہ نہیں بلکہ قومی مستقبل کا مسئلہ ہے۔ ہمیں نوجوانوں کو صرف ڈگریاں نہیں بلکہ ہنر، ٹیکنالوجی، کاروباری مواقع اور عالمی مارکیٹ سے جڑنے کی صلاحیت دینی ہوگی۔ آج دنیا بدل رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت، فری لانسنگ، ای کامرس اور جدید ٹیکنالوجی نے روزگار کے نئے راستے پیدا کیے ہیں۔ پاکستان کا نوجوان اگر مناسب تعلیم، تربیت اور مواقع حاصل کرے تو وہ صرف اپنے لیے روزگار پیدا نہیں کرسکتا بلکہ پاکستان کے لیے زرمبادلہ اور نئی معاشی قوت بھی بن سکتا ہے۔
اسی طرح زراعت پاکستان کی معیشت اور خوراک کے نظام کی بنیاد ہے، مگر کسان کو صرف فصل اگانے والا فرد سمجھنے کے بجائے اسے جدید زرعی معیشت کا اہم حصہ بنانا ہوگا۔ دریاؤں، نہری نظام اور زرعی زمینوں کو جدید تقاضوں سے جوڑ کر خوراک کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔اب ہمیں اپنے شہروں اور دیہات کو بھی نئے انداز سے دیکھنا ہوگا۔ صفائی، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، پانی، سیوریج، پارکس اور بنیادی سہولیات کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں۔ مقامی حکومتوں کو مضبوط اور بااختیار کیے بغیر عام شہری کے مسائل اس کی دہلیز پر حل کرنا مشکل ہے۔ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے اختیار اور ذمہ داری کو مقامی سطح تک منتقل کرنا ہوگا تاکہ شہری اپنے مسائل کے حل میں براہِ راست شریک ہوسکیں۔
دہشت گردی بھی پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس مسئلے کا مقابلہ صرف سکیورٹی آپریشنز سے نہیں بلکہ سیاسی استحکام ،تعلیم، روزگار، انصاف، سماجی استحکام اور ریاستی رٹ کے مضبوط نظام کے ذریعے بھی کرنا ہوگا۔ امن صرف بندوق کی خاموشی کا نام نہیں، امن وہ ماحول ہے جہاں شہری خود کو محفوظ، باعزت اور مستقبل کے حوالے سے پُرامید محسوس کرے۔اور پھر اخلاقیات کا سوال ہے، جو شاید ہمارے تمام مسائل کی بنیاد میں موجود ہے۔ ہم ترقی یافتہ سڑکیں، بلند عمارتیں، جدید ٹیکنالوجی اور مضبوط معیشت ضرور چاہتے ہیں، مگر اگر سچائی، دیانت، برداشت، احترام اور ذمہ داری ہمارے اجتماعی کردار سے نکل جائیں تو ترقی کا مقصد ادھورا رہ جاتا ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کو صرف یہ نہیں سکھانا کہ کامیاب کیسے ہونا ہے، بلکہ یہ بھی سکھانا ہوگا کہ اچھا انسان کیسے بننا ہے۔ معاشرہ صرف قانون سے نہیں، کردار سے بھی مضبوط ہوتا ہے۔
پاکستان کو آج مایوسی سے زیادہ درست سمت کے تعین کی ضرورت ہے۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنی توانائی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں صرف کریں گے یا ملک کو بہتر بنانے میں۔ ہم ماضی کے جھگڑوں میں الجھے رہیں گے یا مستقبل کی تعمیر کریں گے۔ پاکستان کسی ایک شخص، جماعت، صوبے، زبان یا طبقے کا نہیں۔ یہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے۔ اس گھر کی دیواروں میں دراڑیں ہوں تو ہمیں ایک دوسرے پر الزام لگانے کے بجائے انہیں بھرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس کے وسائل کمزور ہوں تو ہمیں انہیں لوٹنے کے بجائے محفوظ کرنا چاہیے۔ اس کے نوجوان مایوس ہوں تو انہیں امید دینی چاہیے۔ اس کے ادارے کمزور ہوں تو انہیں مضبوط بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اور اگر معاشرے میں نفرت بڑھ رہی ہو تو ہمیں محبت، برداشت اور مکالمے کی زبان اختیار کرنی چاہیے۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم پاکستان کو صرف ایک سیاسی بحث کے طور پر نہیں بلکہ ایک قومی ذمہ داری کے طور پر دیکھیں۔ اپنے حصے کا کام کریں، قانون کی پاسداری کریں، دیانت داری کو اختیار کریں۔یاد رکھیں اندھیرا کتنا ہی گہرا ہو، راستہ تلاش کرنے کی ضرورت ختم نہیں ہوتی۔ یہ ملک ہمارے بزرگوں کی قربانیوں سے وجود میں آیا اور آنے والی نسلوں کی امانت ہے۔ سوال صرف یہ نہیں کہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے؛ اصل سوال یہ ہے کہ ہم پاکستان کے لیئے کیا کر رہے ہیں؟