ٹام کروز کی نئی فلم ’ڈگر‘ کو حیران کن ریٹنگ، ناقدین کی رائے منقسم

ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کی نئی فلم ’ڈگر‘ ریلیز سے قبل ہی ناقدین کی مختلف آرا کے باعث توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ معروف ریویو ویب سائٹ روٹن ٹماٹوز پر فلم کو 53 فیصد اسکور ملا ہے، جو ٹام کروز کی 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دی ممی‘ کے بعد ان کی کم ترین ریٹنگ ہے۔

’ڈگر‘ کو میٹا کریٹک پر بھی 100 میں سے صرف 44 اسکور حاصل ہوا ہے۔ اس ریٹنگ کے ساتھ فلم کے بارے میں ناقدین کی رائے واضح طور پر منقسم دکھائی دیتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی مارکیٹنگ ٹیم نے منفی جائزوں کو نظر انداز کرنے کے بجائے انہیں اپنی تشہیری مہم کا حصہ بنا لیا ہے۔ نئے اشتہار میں فلم کے مثبت اور منفی دونوں طرح کے تبصرے شامل کیے گئے ہیں، جہاں بعض ناقدین نے اسے ’ناگوار‘ اور ’حیران کن‘ قرار دیا تو کچھ نے ’شاہکار‘ اور ’شاندار‘ جیسے الفاظ استعمال کیے۔

تشہیری مہم کا مقصد بظاہر ناظرین کو یہ پیغام دینا ہے کہ فلم کے بارے میں ناقدین کی آرا انتہائی مختلف ہیں، اس لیے حتمی رائے قائم کرنے سے پہلے فلم خود دیکھنا بہتر ہوگا۔

فلم میں ٹام کروز ایک خود پسند تیل کے کاروباری شخص ڈگر راک ویل کا کردار ادا کر رہے ہیں، جس کی کمپنی ایک تباہ کن ماحولیاتی بحران کا سبب بنتی ہے۔ ہدایت کاری الیخاندرو گونزالیز اِناریٹو نے کی ہے۔

فلم کی کہانی اور پیشکش پر ناقدین کی آرا مختلف ہیں۔ بعض نے اسے حالیہ برسوں کی جرات مندانہ اور بصری اعتبار سے منفرد اسٹوڈیو فلموں میں شمار کیا، جبکہ دیگر نے اس کی کہانی اور مجموعی پیشکش پر تحفظات کا اظہار کیا۔

انڈی وائر کے ناقد جم ہیمفل نے ٹام کروز کی اداکاری کو ’میگنولیا‘ کے بعد ان کا بہترین کردار قرار دیا، جبکہ این تھامپسن نے فلم کو ’بہادر اور خوبصورت آرٹ فلم‘ قرار دیا، تاہم ان کے مطابق عام ناظرین کے لیے اسے قبول کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب بعض ناقدین نے فلم کے بلند عزائم اور ٹام کروز کی اداکاری کو سراہتے ہوئے بھی اس کی تکمیل پر تنقید کی اور کچھ جائزوں میں اسے ’گڑبڑ‘ قرار دیا گیا۔

ٹام کروز کو گزشتہ برس اعزازی آسکر سے نوازا گیا تھا، تاہم وہ اب تک مسابقتی آسکر ایوارڈ حاصل نہیں کرسکے۔ ’ڈگر‘ میں ان کی اداکاری رواں ایوارڈ سیزن میں بھی توجہ کا مرکز بن سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں