بالی ووڈ کے سپر اسٹارز نہیں، ٹی سیریز کے بھوشن کمار امیر ترین شخصیت

بالی ووڈ میں سب سے زیادہ دولت رکھنے والی شخصیت کا تصور عموماً شاہ رخ خان، سلمان خان یا امیتابھ بچن جیسے بڑے ناموں سے جوڑا جاتا ہے، لیکن دولت کے معاملے میں بھارتی فلم انڈسٹری کا ایک ایسا کاروباری شخص سب پر سبقت لے گیا ہے جس کا تعلق اداکاری سے نہیں۔

ٹی سیریز کے سربراہ بھوشن کمار کی مجموعی دولت کا اندازہ 36 ہزار 300 کروڑ بھارتی روپے، یعنی تقریباً 3.8 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ ہُرون انڈیا رچ لسٹ 2026 کے مطابق ان کے اثاثوں کی مالیت کئی بڑے بالی ووڈ ستاروں سے کہیں زیادہ ہے۔

بھارت کے امیر ترین اداکار شاہ رخ خان کی دولت کا تازہ اندازہ تقریباً 10 ہزار کروڑ بھارتی روپے ہے۔ اس طرح بھوشن کمار کی دولت صرف اداکاروں ہی نہیں بلکہ بھارتی تفریحی صنعت کی متعدد معروف شخصیات کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

بھوشن کمار کی یہ کاروباری سلطنت انہیں وراثت میں ملنے والے ایک میوزک کاروبار سے شروع ہوئی تھی۔ ان کے والد گلشن کمار نے 1983 میں ٹی سیریز کی بنیاد رکھی، تاہم 1997 میں ان کے انتقال کے بعد صرف 19 برس کی عمر میں بھوشن کمار نے اپنے چچا کرشن کمار کے ساتھ کمپنی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

اس کے بعد ٹی سیریز نے خود کو صرف میوزک لیبل تک محدود نہیں رکھا۔ کمپنی نے فلم سازی، فلموں کی تقسیم اور ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ میں قدم رکھا اور وقت کے ساتھ بھارتی تفریحی صنعت کے بڑے اداروں میں شامل ہوگئی۔

کمپنی کی موجودہ وسعت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹی سیریز اب تک 100 سے زائد فلمیں پروڈیوس کرچکی ہے، جبکہ اندازوں کے مطابق بھارتی میوزک مارکیٹ میں اس کا حصہ تقریباً 35 فیصد ہے۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر بھی ٹی سیریز کی رسائی غیر معمولی ہے۔ اگست 2026 تک اس کے مرکزی یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز 314 ملین سے تجاوز کرچکے تھے اور ویڈیوز کو مجموعی طور پر 353 ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا تھا۔

یوں بھوشن کمار کی دولت کے پیچھے صرف فلم انڈسٹری نہیں بلکہ موسیقی، فلم پروڈکشن، ڈسٹری بیوشن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پھیلا ہوا ایک وسیع کاروباری ماڈل موجود ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں