امریکی سافٹ ویئر کمپنی ایڈوب کا سعودی عرب میں 27 ملین سے زائد افراد کو اے آئی ٹولز تک ایک سال مفت رسائی دینے کا اعلان

ایڈوب نے سعودی عرب کی وزارتِ مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سرکاری حمایت یافتہ مصنوعی ذہانت کمپنی ہیومین کے ساتھ شراکت داری کو مزید وسعت دیتے ہوئے سعودی شہریوں اور رہائشیوں کو اپنے اے آئی ٹولز تک 12 ماہ مفت رسائی دینے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس اقدام کی مجموعی مالیت 4 ارب ڈالر سے زائد ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 27 ملین سے زیادہ اہل سعودی شہری اور رہائشی ایڈوب فائر فلائی کے اسٹینڈرڈ سبسکرپشن پلان اور ایڈوب ایکسپریس پریمیئم کی مختلف سہولیات مفت استعمال کر سکیں گے۔ اس پیکیج میں ایک نیا امیج جنریشن ماڈل بھی شامل ہوگا جسے سعودی ثقافت کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔

یہ نیا ماڈل ایڈوب اور ہیومین نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ ہیومین کو سعودی عرب کے خودمختار ویلتھ فنڈ کی حمایت حاصل ہے۔ کمپنیوں کے مطابق یہ ماڈل عربی زبان میں دی گئی ہدایات کے ذریعے ایسی تصاویر تیار کرنے کے قابل ہوگا جو مقامی ثقافت اور سماجی تناظر سے زیادہ مطابقت رکھتی ہوں۔

ایڈوب کے مطابق مفت رسائی کا مرحلہ وار آغاز 2026 کے اختتام تک شروع کر دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد سعودی عرب میں مصنوعی ذہانت پر مبنی تخلیقی ٹولز کے استعمال کو عام کرنا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو ڈیجیٹل مواد تیار کرنے کی سہولت دینا ہے۔

ایڈوب اور ہیومین نے اپنی شراکت داری کا ابتدائی اعلان گزشتہ نومبر میں کیا تھا، جس کا مقصد عربی زبان اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی مواد تیار کرنے کی صلاحیت کو بڑھانا تھا۔ نئی توسیع کے بعد یہ تعاون زیادہ وسیع صارفین تک پہنچے گا۔

ایڈوب کے لیے بھی یہ معاہدہ اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیزائن سافٹ ویئر کی مارکیٹ میں مقابلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ کمپنی کو توقع ہے کہ سعودی عرب میں مفت رسائی سے اس کے اے آئی ٹولز کے صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا اور خطے میں اس کی موجودگی مزید مضبوط ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں