بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے اپنے معروف پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے ایک حالیہ ایپی سوڈ میں شادی شدہ مردوں کو مزاحیہ انداز میں مشورہ دیا کہ وہ اپنی شادی کی تاریخ کبھی نہ بھولیں، ورنہ انہیں گھر میں جوتوں، چپلوں اور بیلن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق امیتابھ بچن نے پروگرام کے دوران شوہروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ دنیا کی باقی تمام تاریخیں بھول جائیں لیکن اپنی شادی کی تاریخ ضرور یاد رکھیں، کیونکہ بیویاں اکثر پوچھتی ہیں کہ کیا آپ کو یاد ہے ہماری شادی کب ہوئی تھی۔
اسی پروگرام میں ایک شریک نے امیتابھ سے پوچھا کہ کیا ان کی اہلیہ جیا بچن ان کے کام سے واپس آنے کا انتظار کرتی ہیں تاکہ دونوں ایک ساتھ کھانا کھا سکیں۔ امیتابھ نے بتایا کہ وہ اپنے مصروف شیڈول سے متعلق گھر والوں کو پہلے ہی آگاہ کر دیتے ہیں تاکہ کوئی ان کے انتظار میں نہ بیٹھا رہے۔
انہوں نے کہا کہ صبح اٹھتے ہی خاندان کے افراد کے مشترکہ گروپ میں پیغام بھیجتے ہیں اور اگر شوٹنگ کی وجہ سے دیر سے گھر پہنچنا ہو تو پہلے سے بتا دیتے ہیں۔ ان کے بقول اگر وہ اطلاع نہ دیں تو گھر پہنچنے پر سوالات اور ڈانٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
امیتابھ بچن نے یہ بھی بتایا کہ اگر وہ رات گئے گھر واپس آئیں اور گھریلو عملہ موجود نہ ہو تو وہ خود کھانا نکالتے ہیں اور کھانے کے بعد صفائی بھی کر لیتے ہیں۔
امیتابھ بچن اور جیا بھادری نے 3 جون 1973 کو شادی کی تھی۔ دونوں نے ’زنجیر‘، ’ابھیمان‘، ’شعلے‘، ’ملی‘، ’سلسلہ‘ اور ’کبھی خوشی کبھی غم‘ سمیت متعدد مشہور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ جیا بچن نے بعد میں فلمی سرگرمیاں محدود کر دیں اور سیاست میں بھی فعال رہیں۔