بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکنِ پارلیمان کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ وہ اپنی جماعت کی “کٹھ پتلی” نہیں ہیں اور یہ ضروری نہیں کہ مستقبل میں بی جے پی ہر معاملے میں ان کا ساتھ دے۔ ان کے مطابق ان کی اپنی الگ شناخت، سوچ اور رائے ہے جو سیاست میں آنے سے بہت پہلے سے موجود ہے۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق دوردرشن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کنگنا رناوت سے پوچھا گیا کہ ان کے بیانات ذاتی ہوتے ہیں یا بی جے پی کا باضابطہ مؤقف سمجھے جائیں۔ جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ دانستہ طور پر پارٹی لائن سے ہٹنا نہیں چاہتیں، لیکن بعض اوقات اپنی بات نمایاں کرنے کے لیے سخت مؤقف اختیار کرنا پڑتا ہے۔
کنگنا نے کہا کہ بی جے پی آج ان کے ساتھ ہے لیکن یہ ضروری نہیں کہ کل بھی ایسا ہی ہو۔ ان کے مطابق وہ دو برس سے رکنِ پارلیمان ہیں جبکہ اداکاری کے شعبے میں تقریباً 20 برس سے کام کر رہی ہیں، اس لیے ان کی ایک الگ عوامی شناخت موجود ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ کسی معاملے پر بات کرنا چاہیں تو میڈیا ان کی بات سننے کے لیے آتا ہے، کیونکہ وہ صرف سیاست دان نہیں بلکہ ایک طویل عرصے سے معروف اداکارہ بھی ہیں۔ کنگنا کے مطابق ان کی سوچ ان کی اپنی ہے اور وہ ابھی سیاست سیکھنے کے مرحلے میں ہیں۔
اپنے مستقبل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کنگنا نے کہا کہ انہیں اس بات کا خوف نہیں کہ آئندہ انتخابات میں انہیں منڈی سے پارٹی ٹکٹ نہ ملے یا ان کی شناخت ختم ہو جائے۔ ان کے مطابق وہ اداکارہ ہونے کے ساتھ فلم ساز اور مصنفہ بھی ہیں اور اپنے کام سے گہری وابستگی رکھتی ہیں۔
کنگنا نے دعویٰ کیا کہ وہ اب بھی فلمی صنعت میں ایک بہت زیادہ مطلوب اداکارہ ہیں اور متعدد ہدایت کار ان کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی لوگ ان سے پوچھتے ہیں کہ انہوں نے فلمی صنعت کیوں چھوڑ دی کیونکہ اب بھی ان کے لیے بہت کام موجود ہے۔
بڑے پروڈکشن ہاؤسز کے ساتھ کام کے سوال پر کنگنا نے کہا کہ وہ ماضی میں کئی پیشکشیں مسترد کر چکی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب وہ اپنی عمر اور شخصیت کے مطابق کردار کرنا زیادہ پسند کریں گی، بجائے اس کے کہ کسی بڑے خان یا کمار کے مقابل روایتی ہیروئن کا کردار ادا کریں۔
کنگنا رناوت نے فلم سازی میں بھی اپنی سرگرمیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کا اپنا پروڈکشن ہاؤس ہے جبکہ وہ ’منی کرنیکا‘ اور ’ایمرجنسی‘ جیسی فلموں کی ہدایت کاری بھی کر چکی ہیں۔ ان کے مطابق وہ سیاست اور فلم دونوں شعبوں میں اپنی الگ شناخت برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔
کنگنا رناوت 2024 میں ہماچل پردیش کے منڈی حلقے سے بی جے پی کی رکنِ پارلیمان منتخب ہوئی تھیں۔ اداکاری کے میدان میں وہ آئندہ ’کوئین 2‘ میں نظر آئیں گی، جو ان کی 2014 کی کامیاب فلم ’کوئین‘ کا اگلا حصہ ہے۔