’ان کی یادوں کے سہارے زندگی گزار رہی ہوں‘، دھرمیندر کے انتقال کے بعد کی زندگی پر ہیما مالنی نے خاموشی توڑ دی

بالی ووڈ اداکارہ اور سیاست دان ہیما مالنی نے اپنے شوہر دھرمیندر کے انتقال کے بعد زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بھی ان کی یادوں کے ساتھ جی رہی ہیں اور ان کی کمی کو پوری طرح قبول نہیں کر پائی ہیں۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق 77 سالہ ہیما مالنی نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ دھرمیندر ان کی زندگی میں سب سے بڑی طاقت اور سہارا تھے۔ وہ ہمیشہ انہیں رقص جاری رکھنے کی ترغیب دیتے تھے اور کہتے تھے کہ وہ اپنا فن کبھی نہ چھوڑیں۔

ہیما مالنی نے کہا کہ دھرمیندر کی یادیں ان کے لیے کافی ہیں اور وہ انہی کے سہارے زندگی گزار رہی ہیں۔ ان کے مطابق یہ غم شاید کبھی مکمل طور پر ختم نہ ہو، کیونکہ دھرمیندر کی موجودگی ان کی زندگی کا اہم حصہ تھی۔

اداکاری میں واپسی سے متعلق سوال پر ہیما مالنی نے کہا کہ اب وہ اس بارے میں زیادہ نہیں سوچتیں۔ ان کی توجہ اپنے حلقے کے لوگوں کی خدمت، بچوں اور پوتے پوتیوں کے ساتھ وقت گزارنے پر زیادہ ہے۔

اپنے اور دھرمیندر کے تعلق کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دونوں نے ہمیشہ اپنی زندگی اپنے انداز میں گزاری اور دوسروں کی تنقید یا فیصلوں کو زیادہ اہمیت نہیں دی۔ ان کے بقول ان کا رشتہ سچی محبت پر قائم تھا اور ابتدا ہی سے دونوں جانتے تھے کہ وہ ایک دوسرے کے لیے بنے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں