شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے اپنے وفد کے ہمراہ راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان اور شام کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور شام کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور عالمی امن اور علاقائی استحکام سے متعلق پاکستان کا مؤقف شامی وزیر خارجہ کے سامنے رکھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور شام کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے بالخصوص دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں رابطوں اور تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔