پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعرات کو اسلام آباد میں شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی سے وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات کیے۔
شامی وزیر خارجہ گزشتہ رات وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے پاکستان اور شام کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
بیان کے مطابق فریقین نے فلسطین، گولان کی پہاڑیوں، افغانستان، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شام کی خودمختاری، قومی اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
شامی وزیر خارجہ نے مکہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے باہمی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔