بھارتی ریاست مہاراشٹر کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن، ایف ڈی اے نے بالی ووڈ اداکاروں شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف کو ایک ایسے اشتہار میں کام کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں، جسے حکام نے ممنوعہ پان مصالحہ برانڈ کی بالواسطہ یا سروگیٹ تشہیر قرار دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تینوں اداکار ’’وِمل الائچی‘‘ کے اشتہار میں نظر آئے تھے، تاہم مہاراشٹر کے حکام کا مؤقف ہے کہ وِمل برانڈ بنیادی طور پر پان مصالحے سے وابستہ ہے، جس کی تیاری، ذخیرہ، ترسیل، تقسیم اور فروخت ریاست میں ممنوع ہے۔ حکام کے مطابق الائچی جیسے قانونی پراڈکٹ کے ذریعے اسی برانڈ نام اور شناخت کو نمایاں رکھنا ممنوعہ مصنوعات کی بالواسطہ تشہیر کے زمرے میں آ سکتا ہے۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے اداکاروں سے کہا ہے کہ وہ اس اشتہاری مہم میں اپنی شرکت فوری طور پر روکیں، اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے متعلقہ تشہیری مواد ہٹائیں اور مستقبل میں اس کی تشہیر یا نشر و اشاعت میں تعاون نہ کریں۔ تینوں اداکاروں سے ان کے اشتہاری معاہدوں، معاوضوں اور دیگر متعلقہ تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
اداکاروں کو نوٹس کا جواب دینے کے لیے 15 دن کی مہلت دی گئی ہے۔