سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی ہے۔
ڈھاکا ٹریبیون کے مطابق دورے کے دوران دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
بنگلہ دیش میں سعودی سفیر ڈاکٹر عبداللہ ظافر ایچ بن ابیہ نے پیر کو وزیراعظم آفس میں طارق رحمان سے ملاقات کے دوران دعوت نامہ ان کے حوالے کیا۔
رپورٹ کے مطابق دعوت نامے میں محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب باہمی دلچسپی کے شعبوں میں بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کی امنگوں کو پورا کیا جا سکے۔
سعودی ولی عہد نے بنگلہ دیشی وزیراعظم کو مملکت کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور علاقائی و عالمی معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔
دورے کی تاریخ اور شیڈول دونوں ممالک کی باہمی سہولت کے مطابق سفارتی ذرائع سے طے کیا جائے گا۔