انڈونیشیا میں 7.7 شدت کا زلزلہ، کم از کم 20 افراد ہلاک

انڈونیشیا کے ساحل کے قریب ہفتے کی صبح 7.7 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوئے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد دو افراد لاپتہ بھی ہوگئے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق زلزلہ مشرقی نوسا ٹینگارا صوبے کے فلوریس علاقے میں صبح 5 بج کر 58 منٹ پر آیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے اس کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی، جبکہ مرکز اینڈے شہر سے تقریباً 68 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔

زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی، تاہم بعد میں سمندر کی سطح میں خطرناک تبدیلی نہ آنے پر وارننگ واپس لے لی گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق سکا، مغربی منگگارائی اور مشرقی منگگارائی کے متاثرہ علاقوں سے کم از کم 20 لاشیں نکالی گئی ہیں۔ منگگارائی کے گاؤں ریوک میں لینڈ سلائیڈنگ سے ملبے تلے دبے 8 افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ 2 افراد اب بھی مٹی کے بڑے تودے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور ان کی تلاش جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق زلزلے سے متعدد عمارتیں اور مکانات منہدم ہوئے، جبکہ بجلی اور مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث متاثرہ علاقوں سے معلومات کے حصول اور امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

اینڈے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث فلوریس جزیرے کو عبور کرنے والی تقریباً 700 کلومیٹر طویل ٹرانس فلوریس شاہراہ بھی بند ہوگئی ہے۔

کئی ہسپتالوں سے مریضوں کو حفاظتی طور پر باہر منتقل کیا گیا، جبکہ طبی عملے نے کھلے مقامات پر عارضی علاج سینٹرز قائم کر دیں۔

رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے امدادی کارروائیوں اور ضروری سامان کی ترسیل کے لیے ہیلی کاپٹر تعینات کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ناگیکیو علاقے میں تقریباً 2 ہزار افراد اپنے گھروں سے نکل کر عارضی پناہ گاہوں میں منتقل ہوگئے ہیں۔

#indonesia #earthquake #flores #disaster #rescue

اپنا تبصرہ لکھیں