پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش براڈ پیک سے برآمد ہو گئی ہے۔ سہیل سخی 30 جولائی کو براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد لاپتہ ہونے والے 10 رکنی بین الاقوامی کوہ پیمائی ٹیم کا حصہ تھے۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق شگر سے تعلق رکھنے والے مقامی رضاکاروں کو 5ہزار 600 میٹر کی بلندی پر سہیل سخی کی لاش مل گئی۔
الپائن کلب کی رکن نائلہ کیانی کے مطابق محمد ندیم، محمد بشیر اور ابوذر نے سب سے پہلے لاش دیکھی اور بعد ازاں دیگر رضاکاروں کی مدد سے اسے کیمپ ون سے براڈ پیک بیس کیمپ منتقل کیا گیا۔
الپائن کلب کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری نے بتایا کہ موسم سازگار ہونے کی صورت میں پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سہیل سخی کی میت اسکردو منتقل کی جائے گی۔
30 جولائی کو گرنے والے برفانی تودے کے بعد معروف برطانوی نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا کی قیادت میں 10 رکنی ٹیم سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ بعد میں ٹیم کی منتظم کمپنی نے تصدیق کی تھی کہ کوئی بھی کوہ پیما زندہ نہیں بچا۔
اس سے قبل سات کوہ پیماؤں کی لاشیں مل چکی تھیں، جبکہ سہیل سخی، امریکی کوہ پیما سارہ میلوری گائس اور نیپالی کوہ پیما نوانگ تھندو شیرپا کی تلاش نئے برفانی تودوں کے خطرے کے باعث گزشتہ ہفتے روک دی گئی تھی۔
سہیل سخی کی لاش ملنے کے بعد اب بھی دو کوہ پیماؤں کی لاشیں تلاش نہیں کی جا سکیں۔ الپائن کلب کے مطابق موسم بہتر ہونے اور علاقے کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد تلاش دوبارہ شروع کی جائے گی۔