12 اگست 2026 کو مکمل سورج گرہن ہوگا، جس کے دوران چاند کا سایہ آرکٹک سے گرین لینڈ، آئس لینڈ اور اسپین تک پھیلے گا اور بعض مقامات پر سورج دو منٹ 18 سیکنڈ تک مکمل طور پر چھپ جائے گا۔
گرہن کا آغاز 15:34 گرین وچ مین ٹائم پر ہوگا۔ یہ 1999 کے بعد براعظم یورپ میں نظر آنے والا پہلا مکمل سورج گرہن ہوگا۔
تقریباً ڈیڑھ کروڑ افراد مکمل سورج گرہن دیکھ سکیں گے، جن میں زیادہ تر اسپین کے رہائشی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر تقریباً 98 کروڑ افراد، یعنی دنیا کا تقریباً ہر آٹھواں شخص، سورج کو جزوی یا مکمل طور پر ڈھکتا دیکھ سکے گا۔
مکمل سورج گرہن کہاں نظر آئے گا؟
مکمل سورج گرہن اسپین، آئس لینڈ اور گرین لینڈ کے بعض حصوں کے علاوہ روس اور پرتگال کے کچھ علاقوں میں دیکھا جا سکے گا۔ اسپین کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں لیون، ویلاڈولڈ، زاراگوزا، تیرویل اور ویلنسیا مکمل سورج گرہن کی گزرگاہ میں واقع ہیں۔
مغربی اسپین میں مکمل گرہن تقریباً 18:27 گرین وچ مین ٹائم، یعنی مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 27 منٹ پر شروع ہوگا اور بعض مقامات پر تقریباً 110 سیکنڈ تک جاری رہے گا۔
میڈرڈ اور بارسلونا مکمل گرہن کی گزرگاہ سے ذرا باہر ہوں گے، تاہم وہاں بھی سورج کا 99 فیصد سے زیادہ حصہ چھپ جائے گا۔
جزوی سورج گرہن کہاں دیکھا جا سکے گا؟
مغربی یورپ کے بڑے حصے، شمال مغربی افریقا اور امریکا کے بعض علاقوں میں جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔ پیرس میں سورج کا تقریباً 92 فیصد، لندن میں 91 فیصد اور برلن میں 85 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا۔
الجزائر میں سورج کا تقریباً 98 فیصد اور کاسابلانکا میں 87 فیصد حصہ ڈھک جائے گا، تاہم ان علاقوں میں گرہن ختم ہونے سے پہلے ہی سورج غروب ہو جائے گا۔
کینیڈا کے سینٹ جانز میں تقریباً 53 فیصد، مونٹریال میں 18 فیصد اور ٹورنٹو میں 8 فیصد سورج ڈھکا نظر آئے گا۔
امریکا میں الاسکا کے بعض علاقوں میں تقریباً 37 فیصد سورج چھپے گا، جبکہ شمال مشرقی ریاست مین میں تقریباً 28 فیصد اور نیویارک میں تقریباً 10 فیصد گرہن دیکھا جا سکے گا۔
سورج گرہن کیسے ہوتا ہے؟
سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آ جاتا ہے اور سورج کی روشنی کو مکمل یا جزوی طور پر روک دیتا ہے۔ سورج گرہن کی چار اقسام ہوتی ہیں: جزوی، مکمل، حلقہ نما اور ہائبرڈ گرہن۔
ناسا کے مطابق دنیا میں ہر سال دو سے پانچ سورج گرہن ہوتے ہیں، تاہم مکمل سورج گرہن نسبتاً کم ہوتے ہیں اور اوسطاً تقریباً ہر ڈیڑھ سال بعد دنیا کے کسی حصے میں دیکھا جاتا ہے۔
اگلا مکمل سورج گرہن 2 اگست 2027 کو ہوگا، جو جنوبی اسپین، شمالی افریقا اور یمن سے گزرے گا۔