پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ‘مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے’ پر دستخط

پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے رہنماؤں نے مکہ مکرمہ میں ہونے والے مشترکہ دفاعی اجلاس کے دوران ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ پر دستخط کر دیے ہیں۔

بیان کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر ترک صدر رجب طیب ایردوان اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے 7 اگست 2026 کو سعودی عرب کا دورہ کیا۔

سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ترک صدر رجب طیب ایردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کا مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں استقبال کیا، جہاں ’مکہ المکرمہ سمٹ فار جوائنٹ ڈیفنس‘ منعقد ہوئی۔ اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق تینوں ممالک کے تاریخی تعلقات، اسلامی بھائی چارے، مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور دیرینہ دفاعی تعاون کی بنیاد پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب ایردوان اور وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔

بیان میں کہا گیا کہ معاہدے کا مقصد تینوں ممالک کی اجتماعی سلامتی کو مزید مضبوط بنانا اور خطے سمیت عالمی سطح پر امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔

معاہدے کے تحت کسی ایک رکن ملک کے خلاف کسی بھی مسلح حملے کو تینوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔

وزارت خارجہ کے مطابق معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاعی صلاحیت اور مؤثر دفاعی روک تھام کو مضبوط بنانا ہے، جبکہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے تمام شعبوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں