پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے انتخابات کے تیسرے مرحلے کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے۔ کمیشن کے مطابق 10 اگست کو صرف پونچھ ڈویژن کے باغ اور حویلی اضلاع میں پولنگ ہوگی۔
کشمیر میں انتخابات تین مراحل میں ہو رہے ہیں۔ میرپور ڈویژن میں پہلے مرحلے کی پولنگ 27 جولائی جبکہ مظفرآباد ڈویژن میں دوسرے مرحلے کی پولنگ 2 اگست کو ہوئی تھی۔
تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کی 11 نشستوں پر 10 اگست کو انتخابات ہونا تھے۔ ان میں باغ کی تین، حویلی کی ایک، پونچھ کی پانچ اور سدھنوتی کی دو نشستیں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اب 10 اگست کو باغ کی تین اور حویلی کی ایک نشست پر ہی پولنگ ہوگی، جبکہ ضلع پونچھ اور سدھنوتی کے علاقے پلندری میں انتخابی عمل مؤخر کر دیا گیا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سیکریٹری داخلہ کی رپورٹ میں پونچھ کے بعض علاقوں اور پلندری میں امن و امان کی صورتحال پر خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔
بیان کے مطابق ان علاقوں سے تعلق رکھنے والی بعض سیاسی شخصیات اور امیدواروں نے بھی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پونچھ اور پلندری میں پولنگ کی نئی تاریخوں اور نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان صورتحال اور متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
کمیشن نے واضح کیا کہ بعض حلقوں میں انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ صرف موجودہ امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور پُرامن ماحول میں کرائے جا سکیں۔
یہ فیصلہ 27 جولائی کو راولاکوٹ میں مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کے بعد سامنے آیا ہے، جن میں متعدد افراد کے جانی نقصان کی اطلاعات تھیں۔ راولاکوٹ میں جون کے آغاز سے حالات کشیدہ ہیں اور کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی وقفے وقفے سے احتجاج اور دھرنے کرتی رہی ہے۔
کمیٹی پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستوں کے خاتمے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے رواں ہفتے کہا تھا کہ انتخابات کے انعقاد میں امن و امان اور ووٹرز کی حفاظت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ چند حلقوں میں انتخابات نہ ہونے کی صورت میں بھی نئی اسمبلی کے منتخب ارکان حلف اٹھا سکتے ہیں اور اپنے فرائض انجام دے سکتے ہیں۔