پاکستان میں طلبہ احتجاج کے بعد ایم ڈی کیٹ کی تاریخ تبدیل، امتحان اب 20 ستمبر کو ہوگا

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل، پی ایم ڈی سی نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ، ایم ڈی کیٹ کی تاریخ تبدیل کر دی ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحان پہلے 16 اگست کو ہونا تھا، تاہم اب یہ 20 ستمبر 2026 کو منعقد کیا جائے گا۔ کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر تمام امیدواروں، والدین، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کو نئی تاریخ سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق یہ فیصلہ امتحان کے شفاف، محفوظ اور ہموار انعقاد کے ساتھ تمام امیدواروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ کونسل نے واضح کیا کہ دیگر تمام شرائط، قواعد اور امتحانی انتظامات بدستور برقرار رہیں گے، جب تک ان میں کسی تبدیلی کا الگ سے اعلان نہ کیا جائے۔

امیدواروں کو مزید معلومات اور ہدایات کے لیے پی ایم ڈی سی کی سرکاری ویب سائٹ اور باضابطہ رابطہ ذرائع باقاعدگی سے دیکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

پی ایم ڈی سی نے تاریخ کی تبدیلی سے ہونے والی ممکنہ پریشانی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین کے تعاون اور سمجھ بوجھ کو سراہا ہے۔

پاکستان کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی ہے۔ ہر سال دو لاکھ تک امیدوار امتحان میں شریک ہوتے ہیں، جن میں سے تقریباً 25 ہزار کو سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلہ ملتا ہے۔

گزشتہ ماہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کی ذیلی کمیٹی نے ایم ڈی کیٹ کے انعقاد اور مقررہ تاریخ سے متعلق بڑھتی ہوئی شکایات پر تشویش ظاہر کی تھی۔ اجلاس کے دوران پی ایم ڈی سی حکام نے بتایا تھا کہ تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار امیدواروں کی امتحان میں شرکت متوقع ہے، جبکہ سینیٹر انوشہ رحمان کے مطابق کمیٹی کو طلبہ کی جانب سے تقریباً ایک ہزار شکایات موصول ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں