مڈغاسکر کے دارالحکومت انتاناناریوو میں ٹریفک جام کم کرنے کے لیے شروع کیا گیا کیبل کار منصوبہ صرف چند ہفتے چلنے کے بعد بند ہو گیا، جبکہ شہر کے اوپر نصب کیبلز اب خالی لٹک رہی ہیں۔
تقریباً 17 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والا یہ منصوبہ سابق صدر آندرے راجویلینا نے متعارف کرایا تھا، جنہیں گزشتہ سال نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے بعد فوجی بغاوت کے ذریعے اقتدار سے ہٹا دیا گیا۔
راجویلینا کا کہنا تھا کہ کیبل کار نظام پرانی اور گنجائش سے زیادہ بھری منی بسوں پر انحصار ختم کرنے کا بہترین حل ہے، جو شہر میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام کا باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے 2024 میں منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کہا تھا کہ انتاناناریوو تین لاکھ افراد کے لیے بنایا گیا تھا، لیکن اب یہاں تقریباً 30 لاکھ لوگ رہتے ہیں۔
حکام کے مطابق کیبل کار نظام روزانہ 75 ہزار افراد کو لے جا سکتا تھا، سڑکوں سے دو ہزار گاڑیاں کم کر سکتا تھا اور تین گھنٹے تک کے سفر کو راستے کے مطابق 10 سے 30 منٹ تک محدود کر سکتا تھا۔ تاہم افتتاح کے بعد بہت کم عام شہریوں نے اس سہولت کو استعمال کیا۔ یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوا اور اس کے لیے فرانس سے قرض حاصل کیا گیا تھا۔
کیبل کار کا ایک طرفہ کرایہ 70 سے 90 امریکی سینٹ مقرر کیا گیا، جو منی بس کے کرائے سے چھ سے آٹھ گنا زیادہ تھا۔ عالمی بینک کی 2022 کی ایک رپورٹ کے مطابق شہر کے ایک عام مسافر کی اوسط ماہانہ آمدن تقریباً 72 ڈالر تھی۔
مڈغاسکر کی تین کروڑ آبادی میں تقریباً 75 فیصد لوگ غربت کا شکار ہیں۔ یونیورسٹی آف کیپ ٹاؤن کے سینٹر فار ٹرانسپورٹ سٹڈیز سے وابستہ پبلک ٹرانسپورٹ ماہر پیٹر اونڈرواٹر نے کہا کہ زیادہ تر لوگوں کے لیے وقت سے زیادہ پیسہ اہم ہے۔ ان کے مطابق اگر کیبل کار کا کرایہ عام منی بس سے چھ گنا زیادہ ہو تو لوگ مہنگی سہولت استعمال کرنے کے بجائے ٹریفک میں بیٹھنے کو ترجیح دیں گے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بعض شہریوں نے منصوبے پر اس لیے بھی تنقید کی کہ شہر میں پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولتوں کی کمی پہلے ہی سنگین مسئلہ ہے۔ رہائشیوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت نے کیبل کار بنانے سے پہلے ان بنیادی مسائل کو کیوں حل نہیں کیا۔ منصوبہ بجلی کی بندش سے بھی متاثر ہوتا رہا، جس کے باعث کیبل کاریں بار بار رک جاتی تھیں۔
ایک دکاندار ایریکا نے اے پی کو بتایا کہ جس شہر میں سڑکیں درست نہیں کی جا سکتیں، وہاں لوگ زمین سے 20 میٹر سے زیادہ بلندی پر بجلی بند ہونے کی صورت میں خود کو محفوظ کیسے سمجھیں۔
راجویلینا کو اقتدار سے ہٹانے والی فوجی بغاوت کے دوران بعض کیبل کار سٹیشنوں کو آگ لگا دی گئی یا نقصان پہنچایا گیا۔ مظاہرین کا الزام تھا کہ حکومت عوام کی بنیادی ضروریات سے لاتعلق ہے۔
اکتوبر میں سابق فوجی کرنل مائیکل رینڈریانیرینا کی قیادت میں عبوری حکومت قائم ہوئی، تاہم اس نے کیبل کار منصوبے کے مستقبل سے متعلق کوئی واضح اعلان نہیں کیا۔ منصوبہ تعمیر کرنے والے کنسورشیم نے مارچ میں نظام کا معائنہ کیا اور اپنی رپورٹ مڈغاسکر کے حکام کو دے دی تاکہ آئندہ اقدامات کا فیصلہ کیا جا سکے۔
انتاناناریوو کی آبادی 1960 کی دہائی کے بعد 10 گنا سے زیادہ بڑھ چکی ہے، جس کی ایک بڑی وجہ دیہی علاقوں سے شہروں کی جانب نقل مکانی ہے۔ اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم کے مطابق افریقا کی شہری آبادی اس وقت تقریباً 70 کروڑ ہے اور 2050 تک اس کے دوگنا ہونے کی توقع ہے۔
اس تیز رفتار شہری پھیلاؤ سے پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ رہائش، صحت، تعلیم، پانی اور بجلی کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے۔ ٹرانسپورٹ افریقا کے مطابق تیز شہری آبادی کے باوجود براعظم میں دنیا کے کم ترقی یافتہ پبلک ٹرانسپورٹ نظام موجود ہیں۔
بعض مسافروں نے کیبل کار میں سفر کو دلچسپ خیال قرار دیا، لیکن کرایے، بجلی کی بندش، حفاظت اور طوفانوں کے دوران قابلِ اعتماد ہونے سے متعلق خدشات ظاہر کیے۔ دفتر میں کام کرنے والے ہیری رتسمبازافی نے اے پی کو بتایا کہ کیبل کار شہر کے مرکزی حصے تک نہیں جاتی، اس لیے یہ ان کی سفری ضروریات پوری نہیں کرتی۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ انہیں وہاں نہیں پہنچاتا جہاں انہیں جانا ہوتا ہے۔