پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں آپریشن شعبان کے دوران مزید تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ سرکاری میڈیا نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاک فوج، سرحدی دستے اور پولیس بلوچستان میں مشترکہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تازہ کارروائی کے بعد آپریشن شعبان میں مارے گئے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 88 ہو گئی ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق 5 جولائی سے اب تک بلوچستان میں آپریشن شعبان اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی دیگر کارروائیوں میں مجموعی طور پر 126 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
آپریشن شعبان ضلع زیارت میں مانگی ڈیم کی زیرِتعمیر سائٹ پر پولیس چوکی پر مہلک حملے کے بعد شروع کی گئی تھی۔ اس حملے میں مسلح دہشت گردوں نے 21 پولیس اہلکاروں کو اغوا کے بعد شہید کر دیا تھا، جبکہ دو ایس ایچ اوز سمیت 9 اہلکار موقع پر شہید ہو گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق پاک فوج، سرحدی دستے اور پولیس اس مشترکہ کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق سیکیورٹی دستوں نے جاری کارروائی میں فضائی اور زمینی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔