گووندا کو بہت بار معاف کیا، اداکار کی بیوی بننے کے بعد دل پتھر کا رکھنا پڑتا ہے: سنیتا آہوجا

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا آہوجا نے ریئلٹی شو ’لاک اپ: سچ یا سزا‘ میں مختصر شرکت کی، تاہم طبی وجوہات کے باعث انہیں شو چھوڑنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق شو کے دوران گووندا اور ان کی بیٹی ٹینا آہوجا بھی سنیتا کو لینے پہنچے۔

ایک حالیہ گفتگو میں سنیتا آہوجا نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی قیمت پر گووندا کا ساتھ نہیں چھوڑیں گی، اگرچہ ان کے اعتماد اور محبت کو کئی بار آزمائش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سنیتا نے کہا کہ شادی شدہ زندگی میں بھروسہ بہت بڑی چیز ہے، خاص طور پر اس وقت جب کسی عورت کا شوہر فلم انڈسٹری سے وابستہ ہو۔

سنیتا آہوجا کے مطابق فلم انڈسٹری میں اداکار زیادہ وقت ہیروئنز کے ساتھ گزارتے ہیں، اس لیے یہ بیوی کی محبت، برداشت اور سمجھ داری پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ حالات کو کس طرح دیکھتی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سنیتا نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ فلم انڈسٹری کا کوئی بھی ہیرو مکمل طور پر بے داغ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایک اداکار کی بیوی بننے کے بعد عورت کو اپنا دل مضبوط رکھنا پڑتا ہے۔ وہ 15 سال کی عمر سے گووندا سے محبت کرتی ہیں اور آج 56 سال کی عمر میں بھی وہ گووندا سے اتنی ہی محبت کرتی ہیں۔

سنیتا آہوجا نے کہا کہ انہوں نے گووندا کو کئی بار معاف کیا ہے، تاہم ممکن ہے ان سے بھی زندگی میں کچھ غلطیاں ہوئی ہوں۔ ان کے مطابق گووندا اکثر مذاق میں کہتے ہیں کہ سنیتا ان کی بیوی نہیں بلکہ گھر کی بچی ہیں۔

واضح رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی خبریں ماضی میں کئی بار بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی ہیں، تاہم دونوں نے مختلف مواقع پر اپنے تعلقات کو برقرار رکھنے کا اظہار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں