پاکستان نے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایکس پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدامات سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ مزید کہا گیا کہ پاکستان اس نازک وقت میں برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔