وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف قطر کے ایک روزہ دورے پر دوحہ پہنچے، جہاں انہوں نے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر قطری قیادت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود ہیں۔

دوحہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر دلی رنج و غم اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم سابق امیر کی دور اندیش قیادت، دانش مندانہ سوچ اور قطر کی غیر معمولی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ الثانی نے قطر کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے مرحوم سابق امیر کی پاکستان کے لیے محبت، خلوص اور دیرینہ وابستگی کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے پاکستان کے کئی یادگار دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی دوستی اور گرمجوشی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں قطر کی قیادت، شاہی خاندان اور برادر قطری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور قطری شاہی خاندان سمیت قطر کے عوام کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا دوحہ آ کر تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ قطری امیر نے پاکستانی وفد کے اس اقدام کو پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے عوام کے قریبی رشتوں کا مظہر قرار دیا۔