نئے ایئر فورس ون پر رپورٹنگ، نیویارک ٹائمز کے صحافیوں کو طلبی کے نوٹس جاری

ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے کئی صحافیوں کو وفاقی گرینڈ جیوری کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلبی کے نوٹس جاری کیے ہیں۔

یہ نوٹس اس رپورٹ کے بعد جاری کیے گئے ہیں جس میں اخبار نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے ایئر فورس ون سے متعلق سکیورٹی خدشات کا ذکر کیا تھا۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ان صحافیوں کو بدھ کے روز مین ہٹن میں وفاقی گرینڈ جیوری کے سامنے گواہی دینے کے لیے کہا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بعض صحافیوں کو یہ نوٹس وفاقی ایجنٹس نے ان کے گھروں پر جا کر دیے۔

یہ معاملہ اس نئے طیارے سے متعلق ہے جو صدر ٹرمپ کو قطر کی جانب سے تحفے میں ملا تھا اور گزشتہ ہفتے ہی صدارتی استعمال میں آیا تھا۔

نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ نئے طیارے میں پرانے ایئر فورس ون جیسی بعض دفاعی صلاحیتیں موجود نہیں، جس سے بیرونِ ملک سفر کے دوران سکیورٹی خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

اے پی کے مطابق نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ کی آزادانہ تصدیق فوری طور پر ممکن نہیں ہو سکی، جبکہ وائٹ ہاؤس یا امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

یہ معاملہ امریکہ میں صحافت، حکومتی تحقیقات اور قومی سلامتی سے متعلق بحث کو مزید تیز کر سکتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب صدارتی طیارے کی سکیورٹی پہلے ہی سیاسی اور میڈیا حلقوں میں زیرِ بحث ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں