ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس کی مشترکہ رپورٹ میں پاکستان کے نظامِ انصاف میں ہر سطح پر مبینہ طور پر موجود بدعنوانی اور اس کے انسانی حقوق پر اثرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
32 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالتی نظام میں بدعنوانی ایک منظم اور دیرینہ مسئلہ بن چکی ہے، جس نے عدلیہ کی آزادی، مؤثر کارکردگی، منصفانہ ٹرائل کے حق اور بنیادی انسانی آزادیوں کے تحفظ کو متاثر کیا ہے۔
رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ پر ریاستی اثر و رسوخ کے خدشات موجود ہیں، جبکہ اقربا پروری، پسند و ناپسند اور غیر شفاف طرزِ عمل کو بھی نظامِ انصاف کے بڑے مسائل قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کو منسوخ کیا جائے اور عدالتی نظام میں شفافیت، احتساب اور عدلیہ کی خودمختاری کو مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اصلاحات متعارف کرائی جائیں۔