بالی ووڈ اداکار عامر خان اور گوری اسپرٹ کی شادی کے بعد ان کی شادی کی انگوٹھی خبروں میں ہے۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق عامر خان نے اپنی اہلیہ گوری اسپرٹ کے لیے ایک خصوصی انگوٹھی تیار کروائی، جس کے مرکز میں مڈغاسکر سے حاصل کیا گیا نایاب قدرتی روبی لگایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ کیبوچون کٹ روبی (cabochon-cut ruby) انتہائی اعلیٰ معیار کا ہے، اور ایسی کوالٹی کے روبی بہت کم پائے جاتے ہیں۔
انگوٹھی کو کوئین نامی زیورات کے برانڈ نے تیار کیا۔ روبی کو سونے کے تاج نما ڈیزائن پر نصب کیا گیا، جس کے ارد گرد 40 اصلی ہیرے جڑے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس نایاب روبی کو ڈھونڈنے میں 3 ماہ لگے، جبکہ انگوٹھی کی تیاری میں 256 گھنٹے سے زائد محنت لگی۔ اس خاص انگوٹھی کو مکمل کرنے میں 131 ماہر کاریگروں نے حصہ لیا۔
عامر خان اور گوری اسپرٹ نے 6 جولائی کو ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع عامر خان کی پالی ہل رہائش گاہ پر ایک سادہ اور نجی تقریب میں شادی کی۔ رپورٹ کے مطابق دونوں نے روایتی بڑی بالی ووڈ شادی کے بجائے رجسٹرڈ شادی کو ترجیح دی، جس میں قریبی دوست، خاندان کے افراد اور بچے شریک ہوئے۔
شادی کی تقریب کو مزید خاص بنانے کے لیے عامر خان کے بیٹے آزاد راؤ خان اور گوری کے بیٹے کوئن نے رِنگ بیئررز کا کردار ادا کیا۔
گوری اسپرٹ نے شادی کے لیے سبیاساچی مکھرجی کا مخصوص دلہن کا لباس پہنا۔ انہوں نے روایتی سرخ رنگ کے بجائے ہلکے رنگ کا لہنگا منتخب کیا، جس پر سفید پھولوں کی کڑھائی کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق گوری نے باریک دوپٹہ، پولکی زیورات اور زمردی جھلک کے ساتھ اپنا دلہن کا انداز مکمل کیا، جبکہ ان کا میک اپ نرم اور قدرتی انداز میں رکھا گیا۔
یہ پہلی بار نہیں کہ عامر خان نے گوری کے لیے کوئی خاص زیور تیار کروایا ہو۔ اس سے قبل بھی گوری کو برازیل سے حاصل کیے گئے نایاب ایکوامیرین پتھر (rare aquamarine stone) والی انگوٹھی پہنے دیکھا گیا تھا، جس کے گرد 40 قدرتی ہیرے لگے تھے۔