برازیلین کھلاڑی نیمار کا انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میں برازیل کی ناروے کے خلاف 1-2 سے شکست کے بعد یہ اعلان کیا۔ نیمار نے میچ کے آخری لمحات میں پنالٹی پر گول کیا، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

میچ کے بعد نیمار نے جذباتی انداز میں کہا کہ انہوں نے کوشش کی، مگر ‘اب یہ سفر ختم ہو گیا ہے’۔

34 سالہ نیمار نے برازیل کے لیے اپنا پہلا میچ 10 اگست 2010 کو امریکا کے خلاف کھیلا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا بین الاقوامی سفر اسی نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم سے شروع ہوا تھا، جہاں ناروے کے خلاف شکست کے بعد انہوں نے اسے ختم کرنے کا اعلان کیا۔ نیمار برازیل کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں برازیل کے لیے کئی اہم میچز کھیلے، مگر ورلڈ کپ ٹرافی جیتنے کا خواب پورا نہ کر سکے۔

ناروے کے خلاف میچ میں وہ متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آئے اور اختتامی لمحات میں پنالٹی کو گول میں تبدیل کیا۔ فائنل وسل کے بعد نیمار گراؤنڈ پر آبدیدہ ہو گئے، جہاں ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں تسلی دی۔

نیمار اس ورلڈ کپ میں انجری کے باعث برازیل کے پانچ میں سے صرف دو میچز کھیل سکے۔ انہیں دائیں پنڈلی کی تکلیف کا سامنا تھا۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران انجریز نے نیمار کے کیریئر کو کافی متاثر کیا، جس کی وجہ سے برازیل کے لیے ان کا کردار محدود ہوتا چلا گیا۔

برازیل کی شکست کے بعد کپتان مارکیونیس نے کہا کہ اب نئی نسل کو وقت اور موقع دینے کی ضرورت ہے۔

نیمار کی ریٹائرمنٹ کے بعد اب ونیسیئس جونیئر، رافینیا، اینڈرک اور دیگر نوجوان کھلاڑیوں پر ٹیم کی ذمہ داری ہو گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں