پنجاب کے شہر راولپنڈی کی انتظامیہ اور پولیس میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں

پنجاب حکومت نے راولپنڈی انتظامیہ اور پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے کر دیے ہیں۔ راولپنڈی کے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سٹی پولیس آفیسر، چیف ٹریفک پولیس آفیسر اور ریونیو افسران کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی عبدالعامر خٹک کو عہدے سے ہٹا کر فوری طور پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کو بھی سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا، جبکہ فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر کو راولپنڈی کا نیا ڈپٹی کمشنر تعینات کر دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن ریٹائرڈ شہریار شیرازی کا بھی تبادلہ کر دیا گیا، ان کی جگہ کیپٹن ریٹائرڈ طیب سمیع خان کو تعینات کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر حکیم خان کو بھی عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن محمد اختر کو تعینات کیا گیا ہے۔

سٹی پولیس آفیسر سید خالد محمود ہمدانی کو تبدیل کر کے سینٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حسن مشتاق سکھیرا کو راولپنڈی کا نیا سٹی پولیس آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔

راولپنڈی ڈویژن کی انتظامیہ اور مقامی پولیس کے تمام اہم عہدوں پر ایک ساتھ اتنی بڑی تبدیلی پہلی بار دیکھی گئی ہے، تاہم بڑے پیمانے پر تبادلوں کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔

سابق کمشنر عبدالعامر خٹک، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ اور سی پی او سید خالد ہمدانی کو محسن نقوی کے دور میں تعینات کیا گیا تھا اور وہ گزشتہ تین سال سے ضلع میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں