“ڈیجیٹل پاکستان وژن”، ورلڈ بینک نے کنیکٹڈ پنجاب پروگرام کے لیے 7 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پاکستان کے کنیکٹڈ پنجاب پروگرام کے لیے 7 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد پنجاب میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ تک رسائی بڑھانا، ڈیجیٹل سروسز کو بہتر بنانا اور کیش لیس ادائیگیوں کو فروغ دینا ہے۔

ورلڈ بینک کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کے وسیع تر قومی ڈیجیٹل ایجنڈے کے ساتھ منسلک ہے۔ وفاقی حکومت ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ کے تحت قومی ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان بولورما امگابازار نے کہا کہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اب عیاشی نہیں بلکہ مواقع تک رسائی کا بنیادی ڈھانچہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنیکٹڈ پنجاب پروگرام کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کا وژن پنجاب کے لاکھوں شہریوں اور کاروباروں تک پہنچے گا۔

منصوبے کے تحت پنجاب میں براڈ بینڈ انفراسٹرکچر میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے ریگولیٹری اور لاگت سے متعلق رکاوٹیں کم کی جائیں گی۔

پروگرام کا ہدف ہے کہ رائٹ آف وے اجازت ناموں کا اوسط وقت 90 دن سے کم کر کے 21 دن کیا جائے، تاکہ فکسڈ براڈ بینڈ کوریج 78 لاکھ سے بڑھ کر 99 لاکھ افراد تک پہنچائی جا سکے۔

ورلڈ بینک کے مطابق جون 2031 تک اس منصوبے کے ذریعے تقریباً 21 لاکھ مزید افراد کو انٹرنیٹ تک رسائی ملے گی، جبکہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں کم از کم 5 کروڑ ڈالر کی نجی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی۔

کنیکٹڈ پنجاب پروگرام کے تحت سرکاری اداروں کے لیے مشترکہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور اے آئی پر مبنی عوامی خدمات کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

منصوبے کا ہدف ہے کہ جون 2031 تک 2 کروڑ 89 لاکھ افراد کو بہتر ڈیجیٹل سرکاری خدمات فراہم کی جائیں۔

خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت بھی اس پروگرام کا اہم حصہ ہے۔ منصوبے کے تحت ڈیجیٹل سرکاری خدمات استعمال کرنے والی خواتین کی شرح 19 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

پروگرام کے ذریعے ڈیجیٹل انوائس مینجمنٹ سسٹم اور قابلِ ربط ادائیگی انفراسٹرکچر بھی قائم کیا جائے گا، تاکہ حکومت، ادائیگیوں اور انوائسز کے نظام کو ایک دوسرے سے جوڑا جا سکے۔

جون 2031 تک پنجاب میں 3 لاکھ 50 ہزار افراد کو کیش لیس ادائیگی کے نظام کا فعال صارف بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

ورلڈ بینک کے مطابق 7 کروڑ ڈالر کی یہ فنانسنگ انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جبکہ پنجاب حکومت اس بڑے پروگرام میں 20 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی مقامی فنڈنگ فراہم کرے گی۔

مجموعی طور پر کنیکٹڈ پنجاب پروگرام کی لاگت 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں