معروف فلم ساز پریہ درشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب “ہیرا پھیری 3” کا حصہ نہیں رہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پریہ درشن نے کہا ہے کہ یہ فلم کئی قانونی مسائل اور ذاتی اختلافات کی وجہ سے شاید کبھی سنیما گھروں تک نہ پہنچ سکے گی۔
اس سے قبل فلم کے پروڈیوسر فیروز اے ناڈیاڈوالا نے بھی تصدیق کی تھی کہ پریہ درشن اس پراجیکٹ سے الگ ہو چکے ہیں، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلم پر کام آگے بڑھ رہا ہے۔
پریہ درشن نے کہا کہ فیروز ناڈیاڈوالا کی بات درست ہے کہ وہ اس وقت ہیرا پھیری 3 سے وابستہ نہیں ہیں۔ ان کے مطابق فلم کے مستقبل پر قانونی تنازعات اور ذاتی اختلافات کے باعث سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔
ہیرا پھیری فرنچائز اکشے کمار، پریش راول اور سنیل شیٹی کے مرکزی کرداروں کی وجہ سے شائقین میں انتہائی مقبول ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق فلم پہلے ہی حقوق کے قانونی تنازع کا شکار تھی، جبکہ بعد میں پریش راول کے اچانک پراجیکٹ چھوڑنے سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا تھا۔ اس کے بعد اکشے کمار نے مبینہ طور پر پریش راول کے خلاف 25 کروڑ روپے کا قانونی دعویٰ دائر کیا تھا، تاہم بعد میں پریش راول نے کہا کہ ان کے معاملات فلم سازوں کے ساتھ خوش اسلوبی سے حل ہو گئے ہیں۔
پریہ درشن کے مطابق اکشے کمار اور پریش راول نے انہیں فون کر کے بتایا تھا کہ معاملات طے پا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریش راول نے فلم چھوڑنے پر معذرت بھی کی اور بتایا کہ کچھ ذاتی وجوہات کے باعث انہوں نے یہ فیصلہ کیا تھا۔
پریہ درشن کا کہنا ہے کہ ہیرا پھیری تینوں مرکزی کرداروں کے بغیر ممکن نہیں، کیونکہ شائقین راجو، شیام اور بابو راؤ کو ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں۔
پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا کا کہنا ہے کہ فلم درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، جبکہ پریہ درشن کا خیال ہے کہ قانونی اور ذاتی مسائل کے باعث فلم کا بننا مشکل ہے۔
اس صورتحال کے بعد ہیرا پھیری 3 کا مستقبل ایک بار پھر غیر یقینی ہو گیا ہے۔