ماہرینِ فلکیات نے ‘کاٹن کینڈی’ سے بھی ہلکے دو نایاب سیارے دریافت کرلیے

ماہرینِ فلکیات نے دو ایسے دیوہیکل سیارے دریافت کیے ہیں جو حجم میں مشتری (جوپیٹر) جتنے ہیں، لیکن ان کی کثافت اتنی کم ہے کہ انہیں روئی کی مٹھائی (کاٹن کینڈی) سے بھی ہلکا قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ دونوں سیارے زمین سے تقریباً 1110 نوری سال دور ایک ستارے کے گرد گردش کر رہے ہیں اور اپنی جسامت کے لحاظ سے اب تک دریافت ہونے والے سب سے ہلکے سیارے سمجھے جا رہے ہیں۔

برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی محقق جارج ڈرانسفیلڈ کے مطابق ان سیاروں کی کثافت تازہ نکالی گئی شیونگ فوم جیسی ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ یہ سیارے زیادہ تر ہائیڈروجن اور ہیلیم گیسوں پر مشتمل ہیں۔ ان کا رنگ سفید یا نیلا ہو سکتا ہے، تاہم ان کی اصل ساخت کی تصدیق ناسا کی جیمز ویب خلائی دوربین سے مزید مشاہدات کے بعد ہی ممکن ہوگی۔

یہ سیارے ناسا کے ٹی ای ایس ایس (TESS) مشن کے ذریعے دریافت کیے گئے۔ بعد ازاں زمین پر موجود دوربینوں کی مدد سے ان کے مدار اور کثافت کا جائزہ لیا گیا۔

موازنہ کیا جائے تو نظامِ شمسی کا سب سے بڑا سیارہ مشتری ان نئے دریافت ہونے والے سیاروں کے مقابلے میں تقریباً 35 گنا زیادہ کثیف ہے۔

ناسا کے مطابق اب تک نظامِ شمسی سے باہر تقریباً 6300 سیاروں کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سپر پف سیاروں کی تعداد 40 سے بھی کم ہے۔

جارج ڈرانسفیلڈ کا کہنا ہے کہ ایسے غیر معمولی سیاروں کا مطالعہ سائنس دانوں کو سیاروں کی تشکیل کے عمل کو بہتر طور پر سمجھنے اور کائنات میں ہماری جگہ کے بارے میں مزید جاننے میں مدد دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں