بھارت کی مقبول ویب سیریز “مرزاپور” اب بڑی اسکرین پر آنے کے لیے تیار ہے۔ تین کامیاب سیزنز کے بعد “مرزاپور؛ دی مووی” کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹیزر میں ایک بار پھر تشدد، گینگ وار، خون خرابے اور طاقت کی جنگ کا وہی ماحول دکھائی دیتا ہے جس نے “مرزاپور” کو شائقین میں مقبول بنایا تھا۔
فلم میں پنکج ترپاٹھی “کالین بھیا” کے کردار میں واپس آ رہے ہیں، جبکہ علی فضل “گڈو پنڈت” اور دیویندو “منا ترپاٹھی” کے روپ میں نظر آئیں گے۔ منا کا کردار سیریز میں مر چکا تھا، لیکن فلم چونکہ سیریز کے واقعات سے پہلے کی کہانی پر مبنی ہے، اس لیے کئی پرانے کردار دوبارہ واپس آ رہے ہیں۔
راجیش تیلنگ، شیبا چڈھا اور دیویندو بھی فلم کا حصہ ہیں، جبکہ جیٹندر کمار اس بار “ببلو” کے کردار میں نظر آئیں گے، جو پہلے وکرانت میسی نے ادا کیا تھا۔
فلم میں روی کشن بھی ایک نئے گینگسٹر کردار کے ساتھ مرزاپور کی دنیا میں شامل ہوئے ہیں۔ ٹیزر میں ان کا کردار مختصر مگر مؤثر انداز میں دکھایا گیا ہے، جہاں وہ اپنے مخالف کے زخموں پر “نمک” چھڑکنے کی بات کرتے ہیں۔
“مرزاپور؛ دی مووی” میں باپ اور بیٹے کے پیچیدہ رشتوں کو بھی اہمیت دی گئی ہے، چاہے وہ کالین بھیا اور منا کا رشتہ ہو یا گڈو پنڈت اور ان کے والد کے درمیان اختلاف۔
فلم کے رائٹر پونیت کرشنا کے مطابق “مرزاپور” کو ابتدا ہی سے فلم کے طور پر سوچا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ بھارت میں ایک اسٹریمنگ شو کو بڑے پردے کے لیے فلم کی شکل دی جا رہی ہے۔
فلم کو اس انداز میں بنایا جا رہا ہے کہ جن لوگوں نے سیریز نہیں دیکھی، وہ بھی مرزاپور کی دنیا اور کرداروں کے رشتوں کو سمجھ سکیں۔
“مرزاپور؛ دی مووی” کی ڈائریکشن گرومیت سنگھ نے کی ہے۔ فلم میں پنکج ترپاٹھی، علی فضل، دیویندو، شویتا ترپاٹھی، شریا پلگاؤںکر، روی کشن، جیٹندر کمار، کلبھوشن کھربندا اور رسیکا دوگل سمیت کئی اہم فنکار شامل ہیں۔
فلم 4 ستمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔