پاکستان ایران-امریکا مذاکرات میں اپنا مخلصانہ کردار جاری رکھے گا، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف

سوئٹزرلینڈ کے برگن اسٹاک میں امریکہ اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح مذاکرات کے بعد اپنے بیان میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا دیانت دار اور مخلصانہ کردار جاری رکھے گا۔

شہباز شریف نے مذاکرات کے کامیاب اختتام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس کے نتیجے میں حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی۔

وزیراعظم کے مطابق مذاکرات میں 60 روز کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے روڈ میپ، سیاسی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی کے قیام اور مزید تکنیکی مذاکرات شروع کرنے پر پیش رفت ہوئی۔

انہوں نے امریکہ اور ایران کی قیادت کو تعمیری رابطے جاری رکھنے پر سراہا اور کہا کہ دونوں فریقوں کی آمادگی خطے میں امن کے لیے اہم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قطر نے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے سوئٹزرلینڈ کی حکومت کا بھی مذاکرات کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل کوششوں، لگن اور ثابت قدمی نے مذاکرات کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی کوششوں کو بھی سراہا۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی مذاکرات میں ہونے والی اہم پیش رفت کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ خارجہ کی ٹیم اس ہفتے کے باقی دنوں میں برگن اسٹاک میں تکنیکی سطح کی بات چیت میں شامل رہے گی۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی نمائندے طویل مذاکراتی نشست کے بعد سوئٹزرلینڈ سے روانہ ہو گئے، جبکہ میزبان ملک کا کہنا ہے کہ فوری تکنیکی مذاکرات کے لیے ماحول سازگار بنا دیا گیا ہے۔

مذاکرات میں ایران کے جوہری پروگرام، افزودہ یورینیم، لبنان میں کشیدگی کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے جیسے اہم معاملات پر بات چیت آگے بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں