امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا خیر مقدم

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر آج الیکٹرانک دستخط ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق اس مفاہمتی یادداشت پر امریکا اور ایران کے صدور نے دستخط کیے، جبکہ انہوں نے بطور ثالث اس کی توثیق کرتے ہوئے خود بھی معاہدے پر دستخط کیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس معاہدے پر اعلیٰ ترین سطح پر دستخط اس بات کا ثبوت ہیں کہ دونوں ممالک تنازع کے سفارتی حل کے لیے سنجیدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت فوری طور پر نافذ العمل ہو گی، جس کے تحت پہلے مرحلے میں ایران آبنائے ہرمز کو فوری طور پر دوبارہ کھولے گا، جبکہ امریکا بحری ناکہ بندی فوری ختم کرے گا۔

وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سفارت کاری سے وابستگی اور پُرامن حل کو ترجیح دینے سے ایک ایسے تنازع کے خاتمے میں مدد ملی، جو خطے اور دنیا کے لیے تباہ کن نتائج پیدا کر سکتا تھا۔

شہباز شریف نے امریکی مذاکراتی ٹیم، ایران کی قیادت اور ایرانی مذاکراتی ٹیم کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس پیش رفت میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو بھی خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ امن اور علاقائی استحکام کے لیے ان کا کردار نہایت اہم رہا۔

شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ یہ مفاہمتی یادداشت پورے خطے میں باہمی احترام، بہتر تعلقات اور مشترکہ خوشحالی کی مضبوط بنیاد ثابت ہو گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں