‘قومیں ایسی کامیابی کے لیے صدیوں انتظار کرتی ہیں’، وزیراعظم شہباز شریف نے ایران-امریکا معاہدے میں کامیابی کو پاکستان کے لیے عزت و وقار کا لمحہ قرارد یا

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی امن معاہدے کی دستخطی تقریب 19 جون کو جنیوا میں منعقد ہوگی، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ انہوں نے اس معاہدے کو عالمی امن کے لیے ایک عظیم سنگِ میل اور جنگ پر امن و مکالمے کی فتح قرار دیا۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آج دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ امن کی کوششوں نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور جنگ کے شعلے ٹھنڈے ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے جسے مؤرخ سنہری حروف میں لکھیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 3 ماہ اور 16 دن پر محیط کڑے امتحان کے بعد اللہ تعالیٰ نے خطے کو امن کی نعمت سے نوازا ہے۔ ان کے بقول، ’’جنگ کی تاریک رات کے بعد بالآخر امن کا سورج طلوع ہوگیا ہے۔‘‘

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ معاہدے کے تحت ایران اور امریکا نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ صرف دو ممالک کے درمیان سمجھوتہ نہیں بلکہ جنگ کی تباہ کاریوں پر امن، مکالمے اور سفارت کاری کی فتح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جو عزت اور وقار عطا کیا ہے، قومیں ایسی کامیابی کے لیے صدیوں انتظار کرتی ہیں۔

انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، چین کے صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور دونوں ممالک کے مذاکراتی وفود کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان رہنماؤں نے انتہائی مشکل حالات میں دانشمندی، صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے صدر پاکستان آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بھی مبارکباد دی اور ان کی رہنمائی و تعاون کو سراہا۔

شہباز شریف نے آرمی چیف اور سی ڈی ایف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے کردار کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے دن رات محنت کی۔ وزیراعظم کے مطابق بعض مواقع پر مذاکرات ناکامی کے قریب پہنچ گئے تھے، تاہم فیلڈ مارشل عاصم منیر کے عزم اور ثابت قدمی نے اس تاریخی کامیابی کو ممکن بنایا۔

انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزارت خارجہ کی ٹیم اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو حاصل ہونے والے اس غیر معمولی اعزاز اور وقار پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے تباہ کن اثرات نے پاکستان کی معیشت پر بھی شدید دباؤ ڈالا، تاہم قوم نے قابلِ مثال ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی قیادت، بالخصوص تمام وزرائے اعلیٰ کی خدمات کو بھی سراہا۔

شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ اس امن معاہدے کے نتیجے میں عالمی معاشی استحکام کے جو فوائد حاصل ہوں گے، وہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہر پاکستانی تک پہنچائے جائیں گے اور حکومت اس مقصد کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں