فلپائن میں 7.8 شدت کا طاقتور زلزلہ، 15 افراد ہلاک

فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے قریب پیر کی صبح آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ زلزلے کے بعد فلپائن سمیت ایشیا کے کئی ممالک میں سونامی وارننگ بھی جاری کی گئی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7 بج کر 40 منٹ پر آیا۔ ابتدائی جھٹکے کے بعد ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔

سب سے زیادہ نقصان جنوبی منڈاناؤ کے شہر جنرل سانتوس میں ہوا، جہاں کئی عمارتیں منہدم یا جزوی طور پر تباہ ہو گئیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں ایک تین منزلہ عمارت، جس میں ایک معروف فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ قائم تھا، ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوتی دیکھی جا سکتی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق شہر کے سینٹ الزبتھ ہسپتال کے بعض حصوں کو شدید نقصان پہنچا، جس کے باعث مریضوں اور طبی عملے کو عمارت سے باہر منتقل کرنا پڑا۔

فلپائن کے صدر نے کہا ہے کہ ہنگامی امدادی اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں اسکول بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کی معطلی سے 32 لاکھ طلبہ اور ایک لاکھ 28 ہزار اساتذہ و عملہ متاثر ہوا ہے۔

زلزلے کے بعد فلپائن، انڈونیشیاء اور جاپان سمیت متعدد ممالک میں سونامی وارننگ جاری کی گئی۔ فلپائنی حکام نے نو ساحلی صوبوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر اونچی جگہوں پر منتقل ہونے کی ہدایت دی۔

امریکی پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے ابتدا میں خبردار کیا تھا کہ فلپائن کے بعض ساحلی علاقوں میں تین میٹر تک بلند لہریں آ سکتی ہیں، جبکہ انڈونیشیا اور ملائیشیا کے بعض حصوں میں ایک میٹر تک لہروں کا خطرہ موجود ہے۔

بعد ازاں حکام نے کہا کہ بڑے سونامی کا خطرہ ٹل گیا ہے، تاہم ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاط جاری رکھنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

انڈونیشیا کے شمالی صوبے شمالی سولاویسی میں سونامی کی بلند ترین لہر تقریباً 0.83 میٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد وہاں جاری انتباہ بھی واپس لے لیا گیا۔ جاپان کے جنوبی ساحلی علاقوں میں تاحال سونامی ایڈوائزری برقرار ہے اور شہریوں کو ساحلوں اور دریا کے دہانوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں