ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ ان کا ملک جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے بنگلہ دیش کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کو ایک اہم شراکت دار اور عالمی جنوب کی مضبوط آواز قرار دیا۔
ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ خلیل الرحمٰن کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہاکان فیدان نے کہا کہ دونوں ممالک نئے منصوبوں کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
اس سے قبل دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہوئی جس میں تعلقات کو روایتی تعاون سے آگے بڑھا کر تزویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے دو طرفہ تجارت کو موجودہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر دو ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
بنگلہ دیش نے آزاد تجارتی معاہدے یا ترجیحی تجارتی معاہدے کی تجویز پیش کرتے ہوئے ترک سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ٹیکسٹائل، ادویہ سازی، جہاز سازی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا۔
دفاعی تعاون بھی مذاکرات کا اہم حصہ رہا۔ بنگلہ دیشی وزیر خارجہ نے دفاعی سازوسامان کی تیاری کے شعبے میں ترک سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی جبکہ ہاکان فیدان نے جامع دفاعی تعاون کے امکانات پر زور دیا۔
دورے کے دوران دونوں ممالک نے ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے۔