بھارتی اداکار رام چرن نے اپنی نئی کھیلوں پر مبنی فلم ’’پیڈی‘‘ سے متعلق کہا ہے کہ اس نوعیت کی فلمیں بنانے کا حوصلہ انہیں سلمان خان اور عامر خان کی کامیاب فلموں سے ملا۔
اس فلم کے ہدایت کار بوچی بابو ثنا ہیں۔ رام چرن اس میں ایک ایسے کھلاڑی کا کردار ادا کر رہے ہیں جو جدوجہد، خود شناسی اور ثابت قدمی کے ساتھ اپنے سفر سے گزرتا ہے۔ فلم کو شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور رام چرن کی منفرد جسمانی تبدیلی بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
رام چرن نے کہا ہے کہ وہ سلمان خان اور عامر خان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ’’سلطان‘‘ اور ’’دنگل‘‘ جیسی فلموں کے ذریعے اس قسم کی فلموں کی راہ ہموار کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان فلموں کی کامیابی نے فلم سازوں اور اداکاروں کو اس نوعیت کے پراجیکٹس پر کام کرنے کا اعتماد دیا۔
رام چرن نے بتایا کہ ’’پیڈی‘‘ کے لیے انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر انتہائی سخت محنت کرنا پڑی۔ ان کے بقول یہ فلم ان کے لیے ایک روحانی سفر بھی ثابت ہوئی جبکہ کردار کی ضروریات کے مطابق خود کو ڈھالنا نہایت مشکل مرحلہ تھا۔
اداکار نے انکشاف کیا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں کئی چوٹیں بھی آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک منظر کی عکس بندی کے دوران ان کے ہاتھ کو نقصان پہنچا کیونکہ تربیت یافتہ فنکاروں کے بجائے حقیقی پہلوانوں کے ساتھ مناظر فلمائے گئے تھے، تاہم وہ ان تجربات کو اپنی خوشگوار یادوں کا حصہ سمجھتے ہیں۔
فلم میں جھانوی کپور، جگپتی بابو، دیویندو شرما، شیوا راج کمار اور روی کشن بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے۔ فلم کی خصوصی نمائش 3 جون کو رکھی گئی تھی جبکہ گزشتہ دن اسے سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا ہے۔