پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے 2 تا 6 جون ملک کے پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ادارے کے مطابق 2 تا 5 جون صوبہ خیبر پختونخوا میں جاری بارشوں اور پگھلتے گلیشئیرز کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پورکے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 2 تا 6 جون لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار رہے گا۔ ادارے نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شاہی، شاردا، آٹھ مقام اوراڑنگ کیل کی رابطہ سٹرکیں حساس ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
ادارے نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔