بھارت کی مشہور سسپنس تھرلر فلم ‘دریشیم 3’ نے پہلے ہی دن 43 کروڑ روپے کا بزنس کیا

بھارتی اداکار موہن لال کی ملیالم تھرلر فلم ‘دریشیم 3’ نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر شاندار آغاز کیا ہے اور دنیا بھر میں تقریباً 43 کروڑ روپے کا بزنس کر لیا ہے۔

یہ فلم 21 مئی کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی اور ابتدائی ردعمل اگرچہ ملا جلا رہا، تاہم سامعین کی بڑی تعداد نے اسے دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کیا، خاص طور پر بھارتی ریاست کیرالہ میں جہاں فلم کو زبردست پذیرائی ملی۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق فلم نے بھارت میں پہلے دن تقریباً 16 کروڑ روپے کے قریب کمائی کی۔ ملک بھر میں اس کے 5 ہزار سے زائد شوز دکھائے گئے اور شام اور رات کے وقت ہالز میں کافی رش دیکھا گیا۔

بھارت میں مجموعی طور پر فلم کی مجموعی آمدنی 18 کروڑ روپے سے زیادہ رہی، جبکہ بیرون ملک مارکیٹس میں اس نے تقریباً 25 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا، جس کے بعد اس کی عالمی آمدنی تقریباً 43 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔

فلم کی آمدنی کا سب سے بڑا حصہ ملیالم ورژن سے آیا، جس نے 21 مئی کو ہی تقریباً 14 کروڑ روپے کے قریب کمائی کی۔ رپورٹ کے مطابق اس کی اوسط حاضری تقریباً 67 فیصد رہی، اور کئی مقامات پر شام اور رات کے شوز مکمل طور پر بھرے رہے۔

ریاست کیرالہ اس فلم کے لیے سب سے مضبوط مارکیٹ ثابت ہوئی، جہاں اس نے پہلے دن ہی 11 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔ شائقین نے موہن لال کی اداکاری اور کہانی کی سسپنس بھرپور انداز میں پیش کیے جانے کو سراہا۔

فلم کا تیلگو ڈب ورژن بھی کچھ سینٹرز میں دکھایا گیا اور اس نے پہلے دن تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کمائے۔

دریشیم سیریز کی ابتدا 2013 میں ہوئی تھی اور یہ بھارتی سنیما کی سب سے مقبول تھرلر کہانیوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس کی کامیابی کے بعد اس کے مختلف زبانوں میں ری میک بھی بنائے گئے۔

فلم کی مضبوط اوپننگ اور عالمی سطح پر اچھی کارکردگی کے بعد اب سب کی نظریں اس کے آنے والے ویک اینڈ بزنس پر مرکوز ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں