پیوٹن کے دورہ چین کے موقع پر ’’جامع شراکت داری اور اسٹریٹجک تعاون‘‘ پر گفتگو ہوگی، کریملن

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن منگل کے روز چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے لیے چین کا دورہ کریں گے۔

کریملن نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ صدر پیوٹن 19 مئی کو دو روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوں گے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حال ہی میں بیجنگ کا دورہ مکمل کر کے واپس جا چکے ہیں۔

کریملن کے مطابق صدر پیوٹن اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ ماسکو اور بیجنگ کے درمیان ’’جامع شراکت داری اور اسٹریٹجک تعاون‘‘ پر گفتگو کریں گے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں رہنما اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر تبادلۂ خیال کریں گے اور مذاکرات کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔

دورے کے دوران صدر پیوٹن چین کے وزیر اعظم لی چیانگ سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں اقتصادی اور تجارتی تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چین روسی توانائی کا سب سے بڑا خریدار بن چکا ہے اور مغربی پابندیوں کے بعد ماسکو کا اہم اقتصادی شراکت دار بھی تصور کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں