چینی اور امریکی صدور کی ملاقات سے دنیا کو ‘انتہائی ضروری استحکام اور اس کی یقین دہانی’ ملی: چینی وزارتِ خارجہ

چین کی وزارتِ خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ بیجنگ کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملاقات سے دنیا کو “انتہائی ضروری استحکام اور یقین دہانی” ملی ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کے دوران کئی نئے مشترکہ نکات پر اتفاق ہوا۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے “تزویراتی استحکام پر مبنی تعمیری چین-امریکہ تعلقات” کے ایک نئے وژن پر اتفاق کیا، جو آئندہ تین برسوں اور اس کے بعد بھی دوطرفہ تعلقات کی رہنمائی کرے گا۔

چین کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ دونوں صدور کے درمیان رابطوں سے باہمی سمجھ بوجھ میں اضافہ ہوا، اعتماد مضبوط ہوا اور عملی تعاون کو فروغ ملا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سربراہی ملاقات نے عالمی سطح پر استحکام اور یقین کی فضا پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق چین اور امریکہ نے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر رابطے اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ باہمی اختلافات اور خدشات کو “مناسب انداز” میں حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں