ورون دھون اور عالیہ بھٹ کی فلم ‘کَلنک’ کے گانے “میں تیرا” نے سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ روایت کو جنم دیا ہے، جہاں ہر سال May 13 کو بالی ووڈ کے مداح ’’میں تیرا‘‘ کے نام سے محبت اور رومانیت کا ایک غیر رسمی آن لائن جشن مناتے ہیں۔
بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق، یہ رجحان کسی تشہیری مہم یا مارکیٹنگ حکمتِ عملی کا نتیجہ نہیں بلکہ سوشل میڈیا صارفین نے خود اسے مقبول بنایاہے۔ چونکہ May 13 کی آواز ’’میں تیرا‘‘ سے ملتی جلتی محسوس ہوتی ہے، اس لیے ہر سال اس تاریخ پر اس گانے کے ساتھ سوشل میڈیا پوسٹس، میمز، ویڈیوز، رومانوی جملے، یادگار مناظر اور محبت سے متعلق مزاحیہ مواد وائرل ہونا شروع ہو جاتا ہے۔
اگرچہ فلم ’’کلنک‘‘ کو ریلیز کے وقت زیادہ کامیابی نہیں ملی تھی، تاہم اس کا یہ گانا فلم سے الگ ہو کر اپنی الگ شناخت بنانے میں کامیاب رہا۔
رپورٹ کے مطابق وقت کے ساتھ یہ گانا پلے لسٹس، انسٹاگرام ریلیز، واٹس ایپ اسٹیٹس اور نوجوانوں کی رومانوی یادوں کا حصہ بنتا گیا، یہاں تک کہ اب اس نے کیلنڈر میں اپنی ایک الگ علامتی تاریخ بنا لی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ May 13 کو منانے کا یہ رجحان اس لیے بھی منفرد ہے کیونکہ اس کے لیے کسی پیچیدہ مہم یا وضاحت کی ضرورت نہیں، صرف ایک تاریخ، ایک جملہ اور بالی ووڈ کے رومانوی انداز سے وابستگی ہی اسے وائرل بنانے کے لیے کافی ہے۔
رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ نئی نسل آج کل بالی ووڈ کو مختلف انداز سے استعمال کر رہی ہے۔ نوجوان شاید ہر فلم سینما میں نہ دیکھیں، لیکن وہ فلمی گانوں اور مناظر کو اپنی روزمرہ آن لائن زبان کا حصہ بنا لیتے ہیں۔
بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق ماضی میں کسی گانے کی کامیابی کا اندازہ کیسٹ فروخت، ریڈیو یا شادیوں میں مقبولیت سے لگایا جاتا تھا، جبکہ اب یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ آیا انٹرنیٹ اس گانے کو ’’میم‘‘، مذاق، جذباتی اظہار یا سالانہ روایت میں تبدیل کرتا ہے یا نہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ’’میں تیرا‘‘ اب صرف ایک رومانوی گانا نہیں رہا بلکہ ایک سالانہ انٹرنیٹ ایونٹ بن چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ویلنٹائن ڈے کے پاس پھول، تحائف اور رومانوی تقریبات ضرور ہیں، لیکن بالی ووڈ مداحوں کے پاس اب May 13 جیسی ایک منفرد، دیسی اور فلمی روایت بھی موجود ہے، جسے وہ ہر سال محبت کے انداز میں مناتے ہیں۔