دنیا کی مقبول ترین پیغام رسانی ایپ واٹس ایپ ایک نئی ادائیگی والی سروس “واٹس ایپ پلس” متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے بعد اس اقدام کے مقاصد پر ٹیکنالوجی حلقوں میں بحث شروع ہو گئی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ نئی سہولت فی الحال محدود تعداد میں آئی فون اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے آزمائشی طور پر پیش کی جا رہی ہے۔ اس میں صارفین کو اضافی فیچرز جیسے خصوصی اسٹیکرز، نئے تھیمز، منفرد ایپ آئیکن، زیادہ چیٹس پن کرنے کی سہولت اور مخصوص رنگ ٹونز شامل ہوں گے۔
کمپنی کے مطابق واٹس ایپ کے بنیادی فیچرز جیسے پیغامات بھیجنا، آڈیو و ویڈیو کالز اور تصاویر و ویڈیوز شیئر کرنا بدستور مفت رہیں گے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان میں اس سروس کی ممکنہ ماہانہ فیس 229 روپے جبکہ یورپی ممالک میں تقریباً ڈھائی یورو ماہانہ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ابتدائی طور پر یہ سہولت ظاہری تبدیلیوں اور اضافی فیچرز تک محدود ہے، تاہم مستقبل میں مزید ادائیگی والی خدمات متعارف کرائے جانے کا امکان بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔
دوسری جانب بعض صارفین نے اس پیشرفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کم از کم بنیادی واٹس ایپ سروس بدستور مفت رہنے سے عام صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔