امریکی ٹیکنالوجی کمپنی انٹیل نے ایپل کے ساتھ ابتدائی معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت انٹیل ایپل کی کچھ مصنوعات کے لیے چِپس تیار کرے گا۔ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت انٹیل کے مینوفیکچرنگ شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں کمپنیوں کے درمیان ایک سال سے زائد عرصے تک مذاکرات جاری رہے، جس کے بعد حالیہ مہینوں میں یہ معاہدہ طے پایا۔
اس خبر کے بعد انٹیل کے شیئرز میں تقریباً 15 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جبکہ ایپل کے شیئرز بھی قریباً 2 فیصد بڑھ گئے۔
ماہرین کے مطابق ایپل کے ساتھ یہ شراکت داری انٹیل کے لیے نہ صرف مستقل کاروباری مواقع پیدا کر سکتی ہے بلکہ عالمی مارکیٹ میں اس کی ساکھ بہتر بنانے میں بھی مدد دے سکتی ہے۔ گزشتہ برسوں میں انٹیل کو تائیوان کی کمپنی ٹی ایس ایم سی سے سخت مقابلے کا سامنا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت نے بھی اس عمل میں اہم کردار ادا کیا اور مختلف بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو انٹیل کے ساتھ تعاون پر آمادہ کرنے کے لیے رابطے کیے۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ انٹیل ایپل کی کن مصنوعات کے لیے چِپس تیار کرے گا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے ایپل کو سپلائی چین کے مسائل کم کرنے اور مینوفیکچرنگ کے متبادل ذرائع حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث جدید چِپس کی طلب میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔