بھارت کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے ابتدائی نتائج سامنے آ گئے ہیں جن کے مطابق کئی ریاستوں میں مقابلہ سخت جبکہ کچھ میں واضح برتری نظر آ رہی ہے۔
بی بی سی کے مطابق، مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 193 سے زائد نشستوں کے ساتھ آگے ہے جبکہ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) تقریبا 96 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ریاست میں حکومت بنانے کے لیے 148 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔
تمل ناڈو میں اداکار سے سیاستدان بننے والے تھلاپتی وجے کی جماعت ٹی وی کے تقریباً 110 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ اس کے بعد اے آئی اے ڈی ایم کے 64 اور حکمراں ڈی ایم کے تقریباً 60 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں حکومت بنانے کے لیے 118 نشستیں درکار ہیں۔
آسام میں بی جے پی واضح برتری کے ساتھ 98 سے زائد نشستوں پر آگے ہے جبکہ کانگریس تقریباً 26 نشستوں پر برتری رکھتی ہے۔ ریاست میں اکثریت کے لیے 64 نشستیں ضروری ہیں۔
کیرالہ میں کانگریس کی قیادت میں اتحاد 101 سے زائد نشستوں کے ساتھ آگے ہے جبکہ حکمراں سی پی آئی (ایم) اتحاد تقریباً 37 نشستوں پر برتری رکھتی ہے۔ یہاں اکثریت کے لیے 71 نشستیں درکار ہیں۔
پڈوچیری میں بی جے پی کی قیادت میں اتحاد 16 نشستوں کے ساتھ آگے ہے جبکہ کانگریس اتحاد 11 نشستوں پر ہے۔ اس خطے میں حکومت بنانے کے لیے 17 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔
یہ ابتدائی نتائج ہیں، حتمی نتائج کے بعد ہی باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔